استاد فدا حسین خاں کی 34 ویں برسی چار جولائی ہفتہ کو منائی جائے گی
استاد فدا حسین خاں کی 34 ویں برسی چار جولائی ہفتہ کو منائی جائے گی

مزید خبریں
ملتان۔ 02 جولائی (اے پی پی):برصغیر کے عظیم کلاسیکل گائیک‘ ماہر موسیقی‘ قوال استاد فدا حسین خاں جالندھری ملتانی کی 34 ویں برسی ہفتہ چارجولائی کو منائی جائے گی۔آپ 1923 ءمیں ہمسایہ ملک بھارت کے علاقہ جالندھر میں قوال‘ کلاسیکل گائیک استاد غلام بھیک خاں کے ہاں پیدا ہوئے۔ استاد فتح علی خاں مبارک علی خاں کے والد مولا داد خاں بدر میاں داد خاں کے والد استاد احمد دین خاں اور استاد فدا حسین خاں کے والد غلام بھیک خاں سگے بھائی تھے جبکہ استاد فدا حسین خاں کے دادا علی بخش خاں عربی ہندی فارسی اور اردو زبانوں میں قوالی کیا کرتے تھے۔
استاد فدا حسین خاں نے میٹرک تک تعلیم حاصل کی جبکہ موسیقی کی تربیت گھر سے حاصل کی۔انہوں نے فنی سفر کا آغاز آل انڈیا ریڈیو سے پکے راگوں کے پروگراموں سے کیا۔تقسیم سے قبل ہندی فلموں میں بطور اداکار گلوکار کام کیا۔ فلم سہانا گیت،سوہنی کمہا رن،من تھن میں بطور میوزک ڈائریکٹر،گائیک اور اداکار کام کیا۔برصغیر کے نامور فلمی گھرانہ کپور خاندان کے کئی افراد کو موسیقی کی تعلیم دی اور برصغیر کے ہر ریڈیو سٹیشن سے گایا،قیام پاکستان کے بعد 50ءکی دہائی میں ملتان دہلی گیٹ محلہ آغا پورہ مقیم ہوئے اور پھر تا دم آخر ملتان میں موسیقی کی تین نسلوں کو سرسنگیت سکھایا۔
شام چوراسی گھرانہ ،طفیل نیازی نقارچی گھرانہ ،بھیڈی پوترہ گھرانہ کے تمام اساتذہ فن سمیت ملتان اور وسیب کے بیشتر گائیک قوال ساز کاز اور موسیقاروں نے ان سے فن موسیقی کی باریکیاں سیکھیں ۔آپ نے 650 راگوں کی تفہیم بولتا سنگیت کے نام سے کی آپ کے فن اور شخصیت پر ایک ڈاکومنٹری سر کی گونج بھی بن چکی ہے، آپ تمام عمر ریڈیو ملتان سے وابستہ رہے اور گانے کے ساتھ موسیقی سکھاتے رہے۔ آپ نے سرائیکی خطے کی مقبول ترین صنف کافی کی جدید انداز میں صورت گری کی اور قوالی کے قابل میں ڈھالا۔ہک ہے ہک ہے اور من کنت مولا ان کی معروف قو الیاں ہیں ۔آپ کا انتقال دو محرم الحرام چارجولائی 1992ءکو ملتان میں ہوا۔








