راولپنڈی چیمبر اور بروکلین چیمبر آف کامرس کے درمیان مفاہمتی یادداشت، پاک۔امریکا تجارتی روابط کے فروغ پر اتفاق

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (RCCI) اور امریکا کے بروکلین چیمبر آف کامرس کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دئیے گئے

راولپنڈی۔ 02 جولائی (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (RCCI) اور امریکا کے بروکلین چیمبر آف کامرس کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دئیے گئے۔ورچوئل تقریب میں مفاہمتی یادداشت پر آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت اور بروکلین چیمبر آف کامرس کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر رینڈی پیئرز نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت دونوں ادارے پاک۔امریکا دوطرفہ تجارت کے فروغ، باہمی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے، کاروباری روابط مضبوط بنانے، معلومات اور تجربات کے تبادلے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔اس موقع پر صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے کہا کہ یہ اسٹریٹجک شراکت داری چیمبر کے اراکین کے لیے عالمی سطح پر نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے اور بین الاقوامی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے دونوں خطوں کی کاروباری برادریوں کے درمیان فاصلے کم ہوں گے جبکہ خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو امریکی مارکیٹ میں نئے مواقع تلاش کرنے، شراکت داری قائم کرنے اور اپنی تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔