ٹیکسیشن کیلئے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔ سینیٹر محمد اورنگزیب
ٹیکسیشن کیلئے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔ سینیٹر محمد اورنگزیب

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 03 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکسیشن کیلئے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف لیکیج کا خاتمہ ہوگا بلکہ محاصل کی وصولی بھی بڑھے گی۔ وہ جمعہ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کیمونٹی کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ اجلاس پوسٹ بجٹ میٹنگ نہیں بلکہ یہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی شروعات ہیں اور اس کا آغاز فیصل آباد چیمبر سے کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تیاری اب فنانس ڈویژن کے پاس ہے جبکہ ایف بی آر صرف ٹیکس ایڈمنسٹریشن اور ٹیکس وصولیوں سے متعلقہ مسائل دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے نجی شعبہ کو لیڈ کرنا ہے۔ فنانسنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شرح سود 22فیصد سے کم کر کے 11.5 فیصد کر دی گئی ہے۔ بجلی کے ٹیرف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کراس سبسڈیز ختم کر دی گئی ہیں جس سے بجلی کے ریٹ مزید کم ہوں گے۔ ٹیکسیشن کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پر 2 سال سے گفتگو جاری تھی جس کے نتیجہ میں ایڈوانس اور سپر ٹیکس ختم کردیا گیا ہے۔
انہوں نے آئی ٹی کے شعبہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اس نے 4.5 ارب کی برآمدات کیں۔ حکومت ان کیلئے مزید سازگار ماحول مہیا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعمیرات کے شعبہ کی حوصلہ افزائی کرے گی مگر فائلوں کے کاروبار کیلئے کوئی سہولت نہیں ملے گی۔ آٹومیشن کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر شخص کا مکمل ریکارڈ نادرا اور ایف بی آر کے پاس موجود ہے جسے آپس میں منسلک کردیا جائے گا۔ اس سے لیکیج کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجٹیلائزیشن کا عمل شوگر سیکٹر سے شروع کیا گیا جس سے 60ارب کا اضافی سیلز ٹیکس ملا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم سی سیکٹر کیلئے میڈیم ٹرم ٹیکس حکمت عملی متعارف کرائی جائے گی جس سے ٹیرف رجیم میں کمی ہوگی۔ اسی طرح زرعی مشینری پر ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈوانس ٹیکس کو صفر کر دیا گیا ہے۔ آبادی کے بڑھتے ہوئے دباؤ پر قابو پانے کیلئے انہوں نے کہا کہ چیمبرز اور بزنس کیمونٹی کو بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا مسئلہ حل ہونے سے علاقائی تجارت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اسی طرح وہ امریکہ سے بھی ٹیرف میں مزید مراعات لینے کی کوششیں کررہے ہیں جس سے ان ملکوں کو برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ تاہم نیشنل ٹیرف کمیشن کے ایم ڈی سے بات کر کے اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی کے نفاذ کا جائزہ لیا جائے گا اور اس سلسلہ میں تمام متعلقین کے ساتھ ساتھ فیصل آباد چیمبر کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کیلئے الگ رقم مختص کی جائے گی تاکہ یہ شعبہ تیزی سے ترقی کر سکے۔ اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں بہت سی سفارشات شامل کر لی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس مشاورت سے فائدہ بھی ہوااور مائیکرو فیبرک اور ویلیو ایشن کے بہت سے مسائل صرف ڈیڑھ ماہ میں حل ہو گئے۔
انہوں نے تعمیراتی شعبہ کیلئے مراعات کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ حکومت برآمدات کو 60بلین ڈالر تک بڑھانا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی بحالی کیلئے سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے برآمدات کو معیشت کی لائف لائن قرار دیا اور کہا کہ اِس کو بڑھانے کیلئے روایتی سوچ سے ہٹ کر فیصلے کرنے ہوں گے۔
انہوں نے ملک کے ٹاپ برآمد کنندگان کو اسلام آباد بلا کے اُن کی حوصلہ افزائی کرنے پر بھی حکومت کا شکریہ ادا کیااور وفاقی وزیر کو 24,25,26جولائی کو لاہور ایکسپو سنٹر میں لگنے والی فیصل آباد ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی۔ وفاقی وزیر نے ربن کاٹ کے فیصل آباد ایکسپو کی سافٹ لانچنگ بھی کی۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔








