وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی پرتگال کے وزیر برائے زراعت و بحری امور سے ملاقات
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی پرتگال کے وزیر برائے زراعت و بحری امور سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے جمعہ کو لزبن میں پرتگال کے وزیر برائے زراعت و بحری امور جوزے مینوئل فرنانڈس سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی جس میں زراعت، غذائی تحفظ، زیتون کے شعبے کی ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی نظام کے فروغ کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے زیتون کے شعبے میں نمایاں پیشرفت کی ہے جہاں 55,669 ایکڑ رقبے پر 70 لاکھ سے زائد زیتون کے درخت کاشت کئے جا چکے ہیں۔
اس پیشرفت کو جدید زیتون آئل ایکسٹریکشن یونٹس، پراسیسنگ سہولیات، معیاری جانچ کی تجربہ گاہوں اور تیزی سے فروغ پاتی ویلیو چین کی معاونت حاصل ہے۔رانا تنویر حسین نے زیتون کی کاشت، پراسیسنگ، پیکجنگ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سو فیصد ملکی ملکیت، طویل المدتی اراضی لیز، زرعی مشینری کی ڈیوٹی فری درآمد، ٹیکس مراعات، ترجیحی سہولیات اور ون ونڈو سہولت سمیت متعدد پرکشش مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے پرتگالی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو پاکستان کے زیتون کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان کو پائیدار زرعی سرمایہ کاری کے لئے ایک ابھرتی ہوئی منزل قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے زرعی تحقیق، میکانائزڈ ہارویسٹنگ، زیتون کے تیل کی جدید ٹیکنالوجی، معیار کی تصدیق، ویلیو ایڈیشن اور تحقیقی اداروں کے مابین روابط کے ذریعے استعداد کار بڑھانے پر تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زراعت، مؤثر آبی انتظام، ڈرپ اریگیشن ٹیکنالوجی اور پائیدار زمینی وسائل کے انتظام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رانا تنویر حسین نے انٹرنیشنل اولیو کونسل کی مستقل رکنیت حاصل کرنے کے بعد اس کے اہداف اور معیارات سے پاکستان کے بھرپور عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قومی معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ بنانے کے لئے پرعزم ہے تاکہ پاکستانی زیتون کی مصنوعات عالمی منڈی میں مزید مسابقتی بن سکیں۔
وفاقی وزیر نے عوامی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پرتگال کے وزیر برائے زراعت و بحری امور جوزے مینوئل فرنانڈس کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ وہ نیشنل اولیو پروگرام کے تحت ہونے والی نمایاں پیش رفت کا خود مشاہدہ کریں اور زراعت، تجارت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لے سکیں۔اس موقع پر پرتگال کے وزیر نے پاکستان کی زیتون کے شعبے میں حاصل کردہ نمایاں کامیابیوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔








