نوجوان خون عطیہ کرنے کو اپنا شعار بنائیں، میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ خون کا ایک عطیہ تھیلیسیمیا، کینسر، زچگی کی پیچیدگیوں اور دیگر جان لیوا بیماریوں میں مبتلا تین مریضوں کی جان بچا سکتا ہے

لاہور۔5جولائی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ خون کا ایک عطیہ تھیلیسیمیا، کینسر، زچگی کی پیچیدگیوں اور دیگر جان لیوا بیماریوں میں مبتلا تین مریضوں کی جان بچا سکتا ہے۔ ایسے ہزاروں مریضوں کی زندگی رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والوں کی مرہونِ منت ہے۔ اتوار کو یہاں سندس فائونڈیشن کے بانی و صدر ڈاکٹر محمد یسین خان کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ قرآن میں ذکر ہے جس نے ایک زندگی بچائی اس نے پوری انسانیت کی زندگی بچائی ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اسلام انسانیت کی خدمت اور جان بچانے کی تلقین کرتا ہے، جبکہ طبی تحقیق کے مطابق خون عطیہ کرنے سے عطیہ دہندہ کی صحت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے کی عادت اپنائیں تاکہ ضرورت مند مریضوں کو نئی زندگی مل سکے۔ انہوں نے سندس فائونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ مریضوں کو مفت خون، ان کے لواحقین کو مفت کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کرکے قابلِ تحسین انسانی خدمت انجام دے رہا ہے۔