صومالیہ کے سفارت خانے کے اعلیٰ سطحی وفد کا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ

صومالیہ کے سفارت خانے کے اعلیٰ سطحی وفد کا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ

فیصل آباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):صومالیہ کے سفارت خانے کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ڈپٹی ہیڈ آف مشن یاسین محمد کی قیادت میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران طلبہ اور اساتذہ کے تبادلوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تعلیمی شراکت داری اور زراعت و متعلقہ علوم میں علم و تجربات کے تبادلے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صومالی وفد نے زرعی تعلیم، تحقیق اور اختراع کے میدان میں یونیورسٹی کی نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے طویل المدتی ادارہ جاتی روابط قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ اس وقت چار صومالی طلبہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کا عملی مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد صومالیہ کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے ساتھ مشترکہ تحقیقی پروگرامز، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلوں، پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیمی میدان میں تعلقات کے فروغ کی خواہاں ہے تاکہ زرعی شعبے کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹا جا سکے اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

دونوں فریقین نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور صومالیہ کے تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان دیرپا تعلیمی اور تحقیقی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر وقاص وکیل، فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد احسن خاں، پرنسپل آفیسر جہانزیب طارق، آصف علی اور دیگر بھی موجود تھے۔