محکمہ زراعت پنجاب نے مون سون کی بارشوں کے دوران فصلات کے تحفظ کیلئے ایڈوائزری جاری کردی۔
مون سون کی بارشوں کے دوران فصلات کے تحفظ کیلئے ایڈوائزری جاری

مزید خبریں
لاہور۔7جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے مون سون کی بارشوں کے دوران فصلات کے تحفظ کیلئے ایڈوائزری جاری کردی۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کا شتکارمون سون کی بارشوں کے دوران اپنی فصلات کے تحفظ کیلئے خصوصی انتظامات کریں۔ کماد، دھان اور چارہ جات کی فصلات پانی کی زیادتی کو برداشت کر جاتی ہیں لہذا بارش کے زائد پانی کو ان فصلات میں منتقل کرنے سے مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے ہیں جبکہ کپاس اور سبزیات کی فصلات پانی کی زیادتی برداشت نہیں کرتی ہیں اس لئے ان فصلات سے بارش کے زائد پانی کی نکاسی کا فوری بندو بست کرنا چاہیے تا کہ یہ فصلات بارشوں کے مضر اثرات سے محفوظ رہیں۔ پٹریوں پر کاشتہ فصل بارش کے ہونے والے مضر اثرات سے قدرے زیادہ محفوظ رہتی ہیں۔ کپاس یا سبزیات کے قریب اگر کماد یادھان کی فصل موجود ہو تو بارش کا زائد پانی ان میں منتقل کیا جا سکتا ہے اور اگر پاس خالی کھیت ہو تو کھائی کھود کر بارش کا زائد پانی اس میں منتقل کر دیں۔ بارش کے بعد اگر ضرورت محسوس ہو تو کپاس کے پودے پر محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے گروتھ ریگولیٹرز کا سپرے بھی محکمہ زراعت توسیع کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے کیا جاسکتا ہے۔ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ریڈیو اور ٹی وی سے نشر ہونے والے موسمی پیشن گوئی پر نظر رکھیں تا کہ اپنی فصلوں کی آبپاشی کیلئے اس کے مطابق اپنا پروگرام ترتیب دے سکیں۔








