فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے زیر انتظام صنعتی علاقوں کی جلد آباد کاری کیلئے انتظامی اصلاحات مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ 113ایکڑ پر جدید بانڈڈ وئیر ہاؤس اور چینیوں کیلئے کمیونٹی سنٹر بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ اس کیس کو کابینہ کی منظوری کیلئے بھیجا جا رہا ہے
فیڈمک کے زیرانتظام صنعتی علاقوں کی جلد آباد کاری،جدید بانڈڈ وئیر ہاؤس اورچینیوں کیلئے کمیونٹی سنٹر بھی تعمیر کیا جائے گا، سی ای او

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے زیر انتظام صنعتی علاقوں کی جلد آباد کاری کیلئے انتظامی اصلاحات مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ 113ایکڑ پر جدید بانڈڈ وئیر ہاؤس اور چینیوں کیلئے کمیونٹی سنٹر بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ اس کیس کو کابینہ کی منظوری کیلئے بھیجا جا رہا ہے۔ یہ بات فیڈمک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر قراۃ العین میمن نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تعیناتی کے پہلے پانچ، چھ ماہ کے دوران ضروری انتظامی اصلاحات کی گئیں کیونکہ کمزور انتظامیہ سے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ ”ای بز“ کے ذریعے فیڈمک کے پورے نظام کو آن لائن کیا گیا ہے تاکہ مختلف منظوریوں کے مراحل کو دنوں کی بجائے گھنٹوں میں مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اِن صنعتی علاقوں میں پلاٹ سب سے زیادہ سستے ہیں اور بہت سے لوگوں نے دس دس سال سے پلاٹ خرید کے ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسے لوگوں سے بھی زیادتی نہیں کریں گے لیکن غیر سنجیدہ صنعتکاروں کے پلاٹ منسوخ کر کے ایسے لوگوں کو الاٹ کریں گے جو اِن پر فوری تعمیر کر کے صنعتی پید اوار اور روزگار مہیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل انوسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل کے ذریعے خالی پلاٹوں کا سروے کرایا گیا ہے جن سے پتہ چلا ہے کہ کئی الاٹیوں نے ابھی بنیادیں بھی تعمیر نہیں کیں۔ چینیوں کی سیکورٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اُن کیلئے بیرک کے علاوہ جگہ بھی مختص کر دی گئی ہے جہاں فیڈمک اپنے خرچ سے گھر تعمیر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے چار دیواری والے صنعتی علاقوں میں چینیوں کی نقل وحرکت میں آسانی آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مزدوروں کیلئے ملحقہ علاقوں میں لیبر کالونیاں بھی تعمیر ہوں گی جبکہ ٹرانسپورٹ کی سہولت کیلئے الیکٹر ک بسوں کے علاوہ ریلوے پسنجر ٹرین بھی چلانے پر غور کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ صنعتی علاقے کے اندر ریلوے کا پلیٹ فارم تعمیر ہوگا جہاں ریلوے اور کسٹمز حکام اپنی اپنی متعلقہ سہولتیں مہیا کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک کارگو ٹرین بھی جلد شروع کی جا رہی ہے جن کا رابطہ فیصل آباد چک جھمرہ اور چنیوٹ سے ہوگا۔ قبل ازیں، قراۃ العین میمن کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیڈمک بنیادی طور پر ہمارا مطالبہ تھا کیونکہ ملکی ترقی کیلئے صنعت، روزگار کی فراہمی اور برآمدات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے برآمدات کا ہدف 60ارب ڈالر مقرر کیا ہے جبکہ ہم اِن کو 100ارب ڈالر تک لیکر جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا اظہر وقار اور قراۃ العین کے چارج لینے کے بعد فیڈمک کے حالات میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک میں چیمبر کے پلاٹ کی تعمیر کیلئے بنیادی سہولتوں کی فراہم کا مطالبہ کیا اور کہا کہ 50ایکڑ پرایکسپو سنٹر کی تعمیر کو بھی جلد شروع کرایا جائے۔ بروقت تعمیر نہ کرنے والوں کے پلاٹ منسوخ کرنے کے حوالے سے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ جو الاٹی جلد تعمیر کرنے کا یقین دلائیں اُن سے نرم رویہ اختیار کیا جائے اور انہیں تعمیر ات کیلئے اضافی مدت کی سہولت دی جائے۔ آخر میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر فاروق یوسف شیخ نے فیڈمک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر قراۃ العین میمن کو چیمبر کی شیلڈ اور تحائف کے علاوہ کالر پن بھی پیش کی۔
بعدازاں،انہوں نے فیصل آباد چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ اِس موقع پر نائب صدر انجینئر عاصم منیر، سابق صدر مزمل سلطان، رانا محمد سکندر اعظم خاں، عاطف منیر شیخ، چوہدری محمد نواز، وومن چیمبر کی نائب صدر محترمہ میمونہ عمران، محترمہ کنول سعید، میاں محمد طیب، حاجی محمد عطائ اللہ، نبیل نثار اور کاشف انجم بھی موجود تھے۔








