محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جولائی کے دوران ماش کی کاشت تروتر حالت میں کریں اور قطاروں کے درمیان ایک فٹ کا فاصلہ رکھیں تاکہ بہتر نشوونما اور زیادہ پیداوار حاصل کی جاسکے
سیالکوٹ،کاشتکاروں کو جولائی کے دوران ماش کی کاشت تروترحالت میں کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔9جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جولائی کے دوران ماش کی کاشت تروتر حالت میں کریں اور قطاروں کے درمیان ایک فٹ کا فاصلہ رکھیں تاکہ بہتر نشوونما اور زیادہ پیداوار حاصل کی جاسکے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ رانا سلیم شاد نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کاشتکار ماش کی کاشت کے لیے میرا زمین کا انتخاب کریں اور منظور شدہ ترقی یافتہ اقسام ماش 97، ماش عروج 2011 اور چکوال ماش کاشت کریں، جن کی پیداواری صلاحیت 22 سے 25 من فی ایکڑ تک ہے۔انہوں نے بتایا کہ زیادہ بارش والے علاقوں میں شرح بیج 8 کلوگرام فی ایکڑ جبکہ دیگر علاقوں میں 10 کلوگرام فی ایکڑ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ بارش والے علاقوں میں ماش کی کاشت کھیلیوں پر تروتر حالت میں کی جائے اور قطاروں کا باہمی فاصلہ ایک فٹ رکھا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ کاشتکار بوقت کاشت فی ایکڑ ایک بوری ڈی اے پی اور آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ ضرور استعمال کریں تاکہ فصل کی بہتر بڑھوتری، صحت مند نشوونما اور زیادہ پیداوار یقینی بنائی جاسکے۔








