فیصل آباد، محکمہ زراعت کی گنے کی فصل کو جولائی تا اگست کے دوران کیڑوں سے بچائو کے لئے خصوصی ایڈوائزری جاری

"گنے کی فصل کو کیڑوں اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے جولائی تا اگست خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محکمہ زراعت کی جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔” — ذوالفقار علی غوری

فیصل آباد ۔ 09 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن فیصل آباد ذوالفقار علی غوری نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت (پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز) پنجاب کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کےلئے جولائی تا اگست کے دوران فصل کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں اور بیماریوں کے موثر تدارک کےلئے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈوائزری میں گڑوا مکھی، سفید مکھی، گنے کے بوررز، ریڈ راٹ اور کنگھیاری (وہپ سماٹ) کے بروقت انسداد کے لیے جدید زرعی سفارشات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں، متاثرہ پودوں کو فوری تلف کریں اور محکمہ زراعت کی تجویز کردہ زرعی ادویات اور طریقہ ہائے کاشت کو اختیار کریں تاکہ پیداوار اور معیار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران اور فیلڈ سٹاف کسانوں کی دہلیز پر بروقت زرعی رہنمائی، فصلوں کی مسلسل نگرانی اور مسائل کے فوری حل کے لیے متحرک ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسان برادری کے تعاون سے گنے کی فصل کو بیماریوں اور کیڑوں کے نقصانات سے محفوظ بنا کر بہتر اور پائیدار پیداوار کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔

مزید خبریں