محکمہ زراعت پنجاب کی کپاس کی بہتر پیداوار کے لئے ایڈوائزری جاری

"کپاس کی بہتر نشوونما، زیادہ پیداوار اور بیماریوں و کیڑوں سے مؤثر تحفظ کے لیے محکمہ زراعت کی جاری کردہ نئی ایڈوائزری پر عمل کیا جائے۔” — چوہدری خالد محمود

فیصل آباد۔ 09 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کے کاشتکاروں کےلئے فصل کی بہتر نشوونما، زیادہ پیداوار اور بیماریوں و کیڑوں سے تحفظ کےلئے نئی ایڈوائزری جاری کردی ۔

محکمہ زراعت نے کسانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان سفارشات پر عمل درآمد کر کے اپنی فصل کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ ایڈوائزری کے مطابق کپاس کی فصل کو آج ہی شام کے وقت پانی دیا جائے تاکہ گرمی کے منفی اثرات کم ہوں اور پودوں کی بہتر نشوونما ممکن ہو سکے۔ محکمہ زراعت نے سفارش کی کہ آبپاشی کے ساتھ آدھی بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کی جائے جبکہ کیلشیم امونیم نائٹریٹ کے استعمال کو بھی موثر قرار دیا گیا ہے تاکہ فصل کو ضروری غذائیت فراہم ہو سکے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ 10 کلوگرام اپنا جپسم صاف پانی میں حل کر کے آبپاشی کے ساتھ استعمال کیا جائے جبکہ کاسٹر سیڈ کے استعمال سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے فصل پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ محکمہ نے سفید مکھی اور دیگر نقصان دہ کیڑوں سے بچاؤ کے لیے پودوں پر کیڑوں کی علامات ظاہر ہونے پر سفارش کردہ مقدار میں بروڈان، نیک اور سفینہ ادویات کا استعمال کیا جائے۔ اسی طرح پوٹاشیم کھاد کا استعمال بھی تجویز کیا گیا ہے، جسے فی ایکڑ دو کلوگرام مقدار میں سپرے کے ذریعے دیا جائے تاکہ پودوں کی قوت مدافعت اور بڑھوتری میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر فصل میں پھول جھڑنے کی شکایت ہو تو فوری طور پر سفارش کردہ ہارمونک محلول کا سپرے کریں تاکہ پیداوار متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کسان کسی بھی رہنمائی یا شکایت کی صورت میں محکمہ کی زرعی ہیلپ لائن 17000 ۔ 0800پر صبح 8 سے رات 8 بجے تک رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں