پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور تاریخی اخوت پر استوار ہیں، طاہر ایوب

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اب ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اب ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے، سعودی وژن 2030 دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے لیے تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے بے شمار مواقع فراہم کر رہا ہے جن سے بھرپور استفادہ کرکے دونوں برادر ممالک مشترکہ خوشحالی کی نئی داستان رقم کر سکتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ’’سعودی وژن 2030 اور پاک-سعودی سرمایہ کاری کے مواقع‘‘ کے عنوان سے منعقدہ بزنس سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الراعی گروپ کے چیئرمین بلال محمد زبیر، الراعی گروپ پاکستان کی کنٹری ہیڈ زہرہ ہوتیانہ، سعودی وفد کے اراکین، آئی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان اور تاجروں، صنعتکاروں، برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے طاہر ایوب نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور تاریخی اخوت پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وژن 2030 دنیا کے سب سے بڑے اقتصادی تبدیلی کے منصوبوں میں سے ایک ہے جس نے انفراسٹرکچر، سیاحت، لاجسٹکس، مینوفیکچرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، قابل تجدید توانائی، کان کنی، مالیاتی خدمات اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے بے مثال مواقع پیدا کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سٹریٹجک جغرافیائی حیثیت، نوجوان اور باصلاحیت افرادی قوت، تیزی سے فروغ پاتی ڈیجیٹل معیشت، قدرتی وسائل اور زراعت، کان کنی، آئی ٹی، سیاحت، مینوفیکچرنگ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں وسیع امکانات کے باعث سعودی سرمایہ کاروں کے لیے انتہائی پرکشش منزل ہے۔طاہر ایوب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد چیمبر پاکستان اور سعودی عرب کی کاروباری برادریوں کے درمیان ایک موثر پل کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کاروباری روابط، بی ٹو بی ملاقاتوں، قابل اعتماد مقامی شراکت داروں کی نشاندہی، تجارتی وفود کے تبادلے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کی ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ باہمی روابط کو عملی کاروباری معاہدوں اور طویل المدتی سرمایہ کاری میں تبدیل کریں۔اس موقع پر الراعی گروپ کے چیئرمین بلال محمد زبیر نے کہا کہ الراعی گروپ سعودی عرب میں کاروبار کے قیام، سرمایہ کاری کی سہولت اور کارپوریٹ مشاورتی خدمات فراہم کرنے والے نمایاں اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گروپ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کمپنی رجسٹریشن، سرمایہ کاری لائسنسنگ، کمرشل رجسٹریشن، ریگولیٹری کمپلائنس، پرو اور سرکاری امور، کارپوریٹ سٹرکچرنگ، بینکنگ سہولیات، اکائونٹنگ و ٹیکس مشاورت، آفس سیٹ اپ اور بزنس کنسلٹنسی سمیت جامع خدمات فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الراعی گروپ پاکستانی تاجروں، صنعتکاروں، برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کو سعودی مارکیٹ میں کامیاب داخلے کے لیے ہر ممکن رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔الراعی گروپ پاکستان کی کنٹری ہیڈ زہرہ ہوتیانہ نے کہا کہ پاکستان میں گروپ کے دفتر کا قیام دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دفتر پاکستانی کاروباری افراد کو مارکیٹ میں داخلے، سرمایہ کاری سے متعلق مشاورت، بزنس میچ میکنگ، ریگولیٹری رہنمائی اور کارپوریٹ سہولت کاری کی خدمات فراہم کرے گا تاکہ وہ سعودی وژن 2030 کے تحت دستیاب وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔آخر میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری الراعی گروپ اور سعودی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کاروباری روابط کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور پاکستانی کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔تقریب میں آئی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان راجہ نوید ستی، ذوالقرنین عباسی، عمران منہاس، اسحاق سیال، شمائلہ صدیقی اور کنوینر سسٹر سٹیز انیشی ایٹو کمیٹی ساجد اقبال سمیت کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔