وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مویشی پال کسانوں کی مالی مشکلات کم کرنے اور صوبے میں لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے لائیو سٹاک کارڈ پروگرام کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے
لائیو سٹاک کارڈ پروگرام کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

مزید خبریں
راولپنڈی۔15جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مویشی پال کسانوں کی مالی مشکلات کم کرنے اور صوبے میں لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے لائیو سٹاک کارڈ پروگرام کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس فلاحی پروگرام کے تحت 5 سے 20 گائے، بھینسیں یا بچھڑے رکھنے والے اہل کسان 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک بلا سود قرض حاصل کر سکیں گے جسے جانوروں کے چارے، ونڈا، معدنی سپلیمنٹس، ویکسینیشن اور دیگر ضروری اخراجات پر استعمال کیا جا سکے گا۔
ترجمان لائیو سٹاک کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام دیہی معیشت کو مضبوط بنانے، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے مویشی پال کسانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آسان مالی سہولت کی فراہمی سے نہ صرف لائیو سٹاک کا شعبہ ترقی کرے گا بلکہ دیہی علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ پروگرام کی نمایاں خصوصیات میں 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک بلا سود قرض، لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے منظور شدہ رقم کا 25 فیصد تک نقد نکلوانے کی سہولت اور مکمل شفاف و ڈیجیٹل رجسٹریشن کا نظام شامل ہے جس سے کسان بغیر کسی پیچیدہ کارروائی کے آسانی سے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ضلع راولپنڈی کی تمام تحصیلوں، راولپنڈی، گوجر خان، کہوٹہ، کلر سیداں اور ٹیکسلا میں رجسٹریشن کے لیے خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ کسان اپنے قریبی سول ویٹرنری ہسپتال سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک نے اہل کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 15 جولائی 2026 سے شروع ہونے والی رجسٹریشن مہم میں بروقت حصہ لیں تاکہ حکومتی سہولت سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔ مزید معلومات کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کی ہیلپ لائن 08000-9211 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا لائیو سٹاک کارڈ پروگرام کسان دوست پالیسیوں کا اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے جو نہ صرف مویشی پال افراد کی آمدن میں اضافہ کرے گا بلکہ پنجاب کی زرعی و دیہی معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں بھی مؤثر کردار ادا کرے گا۔








