ملتان، محکمہ زراعت کی کپاس کے ضرر رساں کیڑوں کے تدارک کے لیے ایڈوائزری جاری

محکمہ زراعت نے کپاس کے ضرر رساں کیڑوں کے تدارک کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی۔ترجمان زراعت کے مطابق ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کپاس کے کاشتکار سفید مکھی کے تدارک کیلئے ہفتے میں دوبار پیسٹ سکاؤٹنگ کریں اور کپاس کی فصل کے کھیت اور اس کے اردگرد جڑی بوٹیوں کا خاتمہ کریں

ملتان۔ 15 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کپاس کے ضرر رساں کیڑوں کے تدارک کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی۔ترجمان زراعت کے مطابق ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کپاس کے کاشتکار سفید مکھی کے تدارک کیلئے ہفتے میں دوبار پیسٹ سکاؤٹنگ کریں اور کپاس کی فصل کے کھیت اور اس کے اردگرد جڑی بوٹیوں کا خاتمہ کریں۔ اس کے علاوہ متبادل میزبان فصلوں پرسفید مکھی کا بر وقت تدارک کریں۔ کاشتکار کپاس کی فصل کو پانی کی کمی ہر گز نہ آنے دیں اور فصل کی ضرورت اور موسمی حالات کے مطابق آبپاشی کریں۔سفید مکھی کے کنٹرول کیلئے 20 پیلے چکنے والے کارڈز فی ایکٹر لگائیں اور ہر 15 دن کے وقفے کے بعد چپکنے والا گلو دوبارہ لگائیں۔سفید مکھی کے نقصان کی معاشی حد 5 بالغ یا بچہ یا دونوں ملا کر فی پتہ ہو تو محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی عملہ کے مشورہ سے سپرے کریں۔ کاشتکارایک ہی کیمسٹری کی زرعی زہروں کے بار بار استعمال سے گریز کریں اور سپرے سے پہلے سپرے مشین کی کیلی بریشن کریں۔ سپرے کیلئے ترجیحاً ہالوکون نوزل/ پاور سپرئیرکا استعمال کریں۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کپاس کے کاشتکار چست تیلے کے تدارک کے لیے متبادل میزبان فصلوں خاص طور پر کپاس کے کھیت کے قریب بھنڈی اور بینگن پر چست تیلے کو کنٹرول کریں۔چست تیلے کے نقصان کی معاشی حد اگر ایک بالغ یا بچہ فی پتہ یا اس سے زیادہ ہو جائے تو محکمہ زراعت توسیع یا پیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کے مشورہ سے زرعی زہروں کا سپرے کریں۔ اگر کپاس کی فصل پر تھرپس کا حملہ ہو تو اس کے کنٹرول کے لیے ہفتے میں کم از کم دو بار پیسٹ سکاؤٹنگ کریں۔کپاس کی فصل کے کھیت اور اس کے ارد گرد جڑی بوٹیوں کا خاتمہ یقینی بنائیں۔کپاس کی فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دی جائے کیونکہ تھر پس سب سے زیادہ نقصان گرم اور خشک موسم میں ہی کرتا ہے۔ اگر زہر پاشی کرنی مقصود ہو تو محکمہ زراعت توسیع یا پیسٹ وارننگ کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے معاشی نقصان کی حد 8 سے 10 بالغ یا بچے فی پتہ ہو جائے تو سپرے کریں۔ کپاس کے کاشتکارگلابی سنڈی کے حملے کا بر وقت پتہ لگانے کے لئے ہفتے میں دو بار کپاس کی فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ کریں۔

مانیٹر نگ کے لئے گلابی سنڈی کے جنسی پھندے 1 تا 2 عددفی ایکڑ جبکہ اس کے مکمل کنٹرول کے لئے 9 تا 12 جنسی پھندے فی ایکٹر لگائیں اور ہر 15 دن کے وقفے سے فیرومون کیپسول کو تبدیل کریں یا لمبے عرصے والے فیرومون استعمال کریں۔ اس کے علاوہ ٹرائیکو گر اما کارڈز 20 عدد فی ایکڑ لگائیں اور ہر 15 دن کے بعد کارڈز دوبارہ تبدیل کر لیں۔

 

مزید خبریں