پاک چین فارماسیوٹیکل و ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کل شروع ہوگی

پاکستان اور چین کے درمیان فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لیے "پاک۔چین فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس 2026 (کل)جمعہ۱17جولائی کو اسلام آباد میں شروع ہو گی، کانفرنس میں 160 سے زائد فارما سیوٹیکل کمپنیاں اور تقریباً 500 چینی سرمایہ کار اور پاکستانی کاروباری شخصیات شرکت کریں گی

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لیے "پاک۔چین فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس 2026 (کل)جمعہ۱17جولائی کو اسلام آباد میں شروع ہو گی، کانفرنس میں 160 سے زائد فارما سیوٹیکل کمپنیاں اور تقریباً 500 چینی سرمایہ کار اور پاکستانی کاروباری شخصیات شرکت کریں گی جہاں بالخصوص دوا سازی اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔۔کانفرنس کا انعقاد وزارت قومی صحت، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)، سرمایہ کاری بورڈ اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال کانفرنس سے افتتاحی خطاب کریں گے جبکہ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان بھی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ بھی ہوگا جبکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے ملک میں ریگولیٹری نظام، ایکٹو فارماسیوٹیکل اجزاء ، بائیوٹیکنالوجی و ویکسین، طبی آلات، کلینیکل ٹرائلز، ہربل، نیوٹراسیوٹیکل اور روایتی چینی ادویات سے متعلق امور پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔اس موقع پر پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، صنعتی تعاون اور کاروباری شراکت داری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دو روزہ کانفرنس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا، مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار کرنا، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کو ممکن بنانا اور دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان مضبوط کاروباری روابط قائم کرنا ہے۔