ملکی برآمدات میں جون 2026 کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 16.36 فیصد کمی جبکہ درآمدات میں 26.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ملکی برآمدات میں جون 2026 کے دوران 16.36 فیصد کمی، درآمدات میں 26.24 فیصد کا نمایاں اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):ملکی برآمدات میں جون 2026 کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 16.36 فیصد کمی جبکہ درآمدات میں 26.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جمعرات کو ادارہ برائے شماریات پاکستان کی جاری رپورٹ کے مطابق جون 2026 کے دوران ملکی برآمدات میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر نمایاں کمی جبکہ درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ مزید بڑھ گیا۔ جاری اعدادوشمار کے مطابق جون 2026 کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 2.252 ارب ڈالر رہا جو مئی 2026 میں 2.689 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلے میں 16.25 فیصد اور جون 2025 میں 2.477 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلے میں 9.08 فیصد کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق جون 2026 میں سب سے زیادہ برآمد ہونے والی اشیا میں ریڈی میڈ گارمنٹس، بیڈ ویئر، چاول، کاٹن کلاتھ، باسمتی چاول، پیٹرولیم مصنوعات، تولیے، کاٹن یارن اور میڈ اپ آرٹیکلز شامل رہے تاہم ماہانہ بنیادوں پر نٹ ویئر کی برآمدات میں 18.43 فیصد، ریڈی میڈ گارمنٹس میں 23.95 فیصد، بیڈ ویئر 26.60 فیصد، کاٹن کلاتھ کی برآمدات میں 23.21 فیصد اور تولیوں کی برآمدات میں 36.81 فیصد کی نمایاں کمی دیکھی گئی تاہم باسمتی چاول کی برآمدات میں 5.24 فیصد، دیگر چاول 9.67 فیصد، پیٹرولیم مصنوعات 30.56 فیصد اور کاٹن یارن کی برآمدات میں 6.49 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب جون 2026 میں درآمدات بڑھ کر 6.931 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو مئی 2026 کی 5.454ارب ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں 27.08 فیصد اور جون 2025 کی 5.359 ارب ڈالر مالیت کی درآمدات کے مقابلے میں 29.33 فیصد زیادہ ہیں۔ جون 2026 کے دوران خام تیل کی درآمدات میں 17.66 فیصد، پیٹرولیم مصنوعات میں 52.35 فیصد، برقی مشینری میں 27.68 فیصد، پلاسٹک میٹریل میں 41.44 فیصد، موٹر کارز میں 27.07 فیصد، پام آئل میں 4.21 فیصد، آئرن اینڈ اسٹیل میں 62.08 فیصد، خام کپاس میں 68.66 فیصد، مائع قدرتی گیس میں 55.14 فیصد اور آئرن اینڈ اسٹیل اسکریپ کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 41.07 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جون 2026 میں ملک کا تجارتی خسارہ 4.679 ارب ڈالر رہا جبکہ مالی سال 2025-26 کے اختتام پر مجموعی تجارتی خسارہ 39.622 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ۔








