ڈیجیٹل تجارت کاروباری ترقی، برآمدات میں تنوع اور عالمی مسابقت کو فروغ دینے کا ایک موثر ذریعہ بن چکی ہے، طاہر ایوب

قائم مقام صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) طاہر ایوب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل تجارت کاروباری ترقی، برآمدات میں تنوع اور عالمی مسابقت کو فروغ دینے کا ایک موثر ذریعہ بن چکی ہے لہٰذا پاکستانی کاروباری برادری

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):قائم مقام صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) طاہر ایوب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل تجارت کاروباری ترقی، برآمدات میں تنوع اور عالمی مسابقت کو فروغ دینے کا ایک موثر ذریعہ بن چکی ہے لہٰذا پاکستانی کاروباری برادری، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو ای کامرس پلیٹ فارمز سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنی چاہیے تاکہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ’’سیلرز آن بورڈنگ سیشن ان کولیبوریشن ود علی بابا ڈاٹ کام پاکستان‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔طاہر ایوب نے کہا کہ اس سیشن میں کاروباری برادری کی بھرپور شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی تاجر اب اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہو چکے ہیں کہ بین الاقوامی تجارت کا مستقبل ڈیجیٹل رابطوں اور آن لائن مارکیٹ پلیسز سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کاروبار جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اپنائیں گے وہ تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی معیشت میں زیادہ موثر انداز میں مقابلہ کر سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ای کامرس، ڈیجیٹل صلاحیتوں میں سرمایہ کاری اور جدت کو فروغ دینا نہ صرف برآمدی منڈیوں میں تنوع پیدا کرے گا بلکہ پیداواری صلاحیت، کاروباری سرگرمیوں، روزگار کے مواقع اور پائیدار معاشی ترقی کو بھی فروغ دے گا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنے اراکین کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ مختلف سٹریٹجک شراکت داریوں، آگاہی پروگراموں اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کے ذریعے کاروباری برادری کو عالمی تجارتی رجحانات سے ہم آہنگ ہونے اور ڈیجیٹل تجارت سے پیدا ہونے والے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔اس موقع پر علی بابا ڈاٹ کام پاکستان کے نمائندگان محمد صادق، خواجہ ارسلان اور محمد معاذ نے موجودہ دور میں ڈیجیٹل بی ٹو بی ای کامرس پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکا کو علی بابا ڈاٹ کام کے پلیٹ فارم، سیلر آن بورڈنگ کے طریقہ کار، بین الاقوامی خریداروں تک رسائی، برآمدی مواقع پیدا کرنے اور عالمی منڈی میں مضبوط ڈیجیٹل موجودگی قائم کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد چیمبر برآمدات کے فروغ اور ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا تاکہ کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

تقریب کی نظامت آئی سی سی آئی کے سینئر رکن اعزاز محمد نے کی جبکہ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران اسحاق سیال، وسیم چوہدری، شمائلہ صدیقی، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، اراکین چوہدری محمد جاوید اقبال، ابرار الحق، چوہدری محمد ارشد، عظمیٰ شیراز سمیت نوجوان کاروباری افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں