ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل نے الحمرا میں منعقدہ "شامِ موسیقی” کے حوالے سے کہا کہ صوفی اور فوک موسیقی پنجاب کی تہذیب، ثقافت اور روحانی روایت کا لازمی حصہ ہے،یہ موسیقی محبت، امن، رواداری اور انسان دوستی کا پیغام عام کرتی ہے اور ہماری ثقافتی شناخت کو مضبوط بناتی ہے۔
الحمرا،گلوکارہ شازیہ ریشماں اور خلیل احمد آفریدی کی شاندار پرفارمنس

مزید خبریں
لاہور۔17جولائی (اے پی پی):ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل نے الحمرا میں منعقدہ "شامِ موسیقی” کے حوالے سے کہا کہ صوفی اور فوک موسیقی پنجاب کی تہذیب، ثقافت اور روحانی روایت کا لازمی حصہ ہے،یہ موسیقی محبت، امن، رواداری اور انسان دوستی کا پیغام عام کرتی ہے اور ہماری ثقافتی شناخت کو مضبوط بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمرا فنونِ لطیفہ،زبان و ادب،موسیقی اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے معیاری پروگراموں کا تسلسل برقرار رکھے ہوئے ہے اور اہلِ ذوق کو بہترین ادبی و ثقافتی سرگرمیاں فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔شامِ موسیقی میں نامور گلوکارہ شازیہ ریشماں نے صوفی اور فوک موسیقی پر شاندار پرفارمنس پیش کی۔انہوں نے موسیقی کے نامور لیجنڈز کے مقبول گیت گا کر انہیں خوبصورت انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا،جسے حاضرین نے بھرپور داد سے نوازا۔تقریب میں راجن پور سے تعلق رکھنے والے معروف شاعر خلیل احمد آفریدی نے اپنا تخلیق کردہ کلام پیش کیا۔ان کی شاعری نے محفل میں سخن و ادب کی دلکش فضا قائم کر دی اور حاضرین نے انہیں والہانہ انداز میں سراہا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری ریونیو پنجاب شفقت اللہ مشتاق تھے۔انہوں نے شامِ موسیقی میں شرکت کی،فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہا اور بھرپور داد دی۔اپنے خطاب میں انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ادب، ثقافت، زبان و ادب، تاریخ اور تمدن کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ الحمرا قومی ثقافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے اور اس کی خدمات لائقِ ستائش ہیں۔شامِ موسیقی میں فنونِ لطیفہ سے محبت رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،پروگرام کو بھرپور توجہ سے سنا اور صوفی و فوک موسیقی سے لطف اندوز ہوئے۔








