چشتیاں، فصل کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے محکمہ زراعت فیلڈ میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے،ڈائریکٹر جنرل زراعت پنجاب

ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب عبدالحمید گجرنے کہا ہے کہ کپاس ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کی بہتر پیداوار کے لیے محکمہ زراعت فیلڈ میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہےجبکہ محکمہ زراعت ہر مرحلے پرکسانوں کی رہنمائی ومعاونت جاری رکھے گا۔

چشتیاں ، 18 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب عبدالحمید گجرنے کہا ہے کہ کپاس ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کی بہتر پیداوار کے لیے محکمہ زراعت فیلڈ میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہےجبکہ محکمہ زراعت ہر مرحلے پرکسانوں کی رہنمائی ومعاونت جاری رکھے گا۔ انہوں نےہارون آباد،فورٹ عباس ،مروٹ میں حکومت پنجاب کے پروگرام "اپنا کھیت، اپنا روزگار” کے تحت قائم پلاٹس کے معائنہ کے موقع پر مزید کہا کہ فیلڈ عملہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ کپاس کے کاشتکاروں سے مسلسل رابطہ اور فصل کی باقاعدہ نگرانی کی جائے۔ کیڑوں و بیماریوں کے بروقت تدارک کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ کپاس کی پیداوار میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔انہوں نے فصل کپاس کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور کاشتکاروں سے ملاقات کرکے انہیں بہتر پیداواری نتائج کے حصول کے لیے محکمانہ سفارشات پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ہارون آباد میں CABI ادارہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی کارکردگی، جاری امور اور زرعی ترقی سے متعلق سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، بروقت رہنمائی اور معیاری زرعی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔اس موقع پرڈائریکٹر زراعت (توسیع) لاہوراقبال احمد نیازی اور ڈائریکٹر زراعت (توسیع) بہاولپور ڈویژن محمد جمیل غوری اور محکمہ زراعت کے تحصیل افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ افسران نے ڈائریکٹر جنرل کو ضلع میں کپاس کی موجودہ صورتحال، محکمانہ سرگرمیوں اور جاری زرعی مہمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی