سیکریٹری زراعت پنجاب کا ضلع مری کا دورہ

سیکریٹری زراعت پنجاب افتخار علی ساہو نے ضلع مری کے دورے کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ باغبانی، پھلوں اور آف سیزن سبزیوں کے شعبے کی بحالی اور جدید خطوط پر ترقی کے لیے ایک ماہ کے اندر جامع اور قابل عمل منصوبہ تیار کر کے پیش کیا جائے تاکہ مرحلہ وار عملدرآمد کے ذریعے زرعی پیداوار، کسانوں کی آمدن اور مقامی معیشت کو مستحکم بنایا جا …

راولپنڈی۔18جولائی (اے پی پی):سیکریٹری زراعت پنجاب افتخار علی ساہو نے ضلع مری کے دورے کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ باغبانی، پھلوں اور آف سیزن سبزیوں کے شعبے کی بحالی اور جدید خطوط پر ترقی کے لیے ایک ماہ کے اندر جامع اور قابل عمل منصوبہ تیار کر کے پیش کیا جائے تاکہ مرحلہ وار عملدرآمد کے ذریعے زرعی پیداوار، کسانوں کی آمدن اور مقامی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔ سیکریٹری زراعت نے دورہ مری کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی اور محکمہ زراعت کے افسران سے ملاقات کی۔ اس دوران انہیں ضلع میں محکمہ زراعت کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، کسانوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات، موسمی حالات کے تناظر میں زرعی سرگرمیوں اور محکمہ کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مری میں باغبانی، پھلوں کی پیداوار، سبزیوں کی کاشت، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ، کاشتکاروں کو معیاری سہولیات کی فراہمی اور حکومت پنجاب کی زرعی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔ اس موقع پر زرعی شعبے کی استعداد بڑھانے، پیداوار میں اضافے اور کسانوں کی آمدن بہتر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ افتخار علی ساہو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کسانوں کو معیاری زرعی خدمات کی بروقت فراہمی، جدید طریقہ کاشت کے فروغ، زرعی مشاورت کی بہتری اور حکومتی ترقیاتی منصوبوں پر شفاف اور مؤثر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات براہ راست کاشتکاروں تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مری اپنی منفرد آب و ہوا کے باعث باغبانی، اعلیٰ معیار کے پھلوں اور آف سیزن سبزیوں کی پیداوار کے لیے غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مربوط منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دورے کے اختتام پر سیکریٹری زراعت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کسان دوست پالیسیوں، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے صوبے میں پائیدار زرعی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

مزید خبریں