راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے کینٹ کے علاقوں کو تجاوزات سے پاک، صاف ستھرا اور منظم بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا کینٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن مزید تیز

مزید خبریں
راولپنڈی۔20جولائی (اے پی پی):راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے کینٹ کے علاقوں کو تجاوزات سے پاک، صاف ستھرا اور منظم بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔
بورڈ انتظامیہ کے مطابق شہریوں کو بہتر سفری سہولیات، ہموار ٹریفک، محفوظ ماحول اور عوامی مقامات کی بحالی یقینی بنانے کے لیے تجاوزات کے خلاف موثر کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر رشید نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کینٹ کے تمام علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تجاوزات نہ صرف شہری حسن کو متاثر کرتی ہیں بلکہ ٹریفک کی روانی، پیدل چلنے والوں کی سہولت، ہنگامی خدمات کی بروقت رسائی اور صفائی کے نظام میں بھی رکاوٹ بنتی ہیں اسی لیے ان مسائل کے مستقل حل کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر ناصر کمال کی نگرانی میں انفورسمنٹ برانچ کی ٹیمیں متحرک انداز میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کی مانیٹرنگ کی جاتی ہے اور عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ کینٹ کے تمام تجارتی اور رہائشی علاقوں میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ برانچ کی ٹیمیں سڑکوں، بازاروں، فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر قائم عارضی اور مستقل تجاوزات کو قانون کے مطابق ہٹا رہی ہیں۔ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی ریڑھیاں، ٹھیلے، کیبن، کاؤنٹر، شیڈز، لوہے کے ڈھانچے اور تجاوزات کا دیگر سامان ضبط کر کے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے سٹور منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی مقامات کو مکمل طور پر بحال کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ جاری آپریشن کے دوران اب تک 20 سے زائد ٹرک مختلف اقسام کا سامان ضبط کیا جا چکا ہے جس میں ریڑھیاں، ٹھیلے، کاؤنٹر، شیڈز، لوہے کے سٹرکچر اور دیگر غیر قانونی تنصیبات شامل ہیں۔ تمام ضبط شدہ سامان قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد بورڈ کے سٹور منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مصریال روڈ، ڈھوک سیداں، غازی آباد، پیپلز کالونی، صدر، گوالمنڈی، نیازی ٹاؤن سمیت کینٹ کے تمام اہم تجارتی اور رہائشی علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ شہریوں کے تعاون سے تجاوزات سے پاک، صاف ستھرا، محفوظ اور منظم کینٹ کے قیام کے لیے اپنی کارروائیاں آئندہ بھی اسی تسلسل سے جاری رکھے گا۔








