پاک، چین دیرینہ دوستی اب صنعتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئے امکانات پیدا کر رہی ہے، عاطف اکرام شیخ

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اب صنعتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئے امکانات پیدا کر رہی ہے۔ بزنس ٹو بزنس فورمز پاکستانی صنعتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی، مشترکہ منصوبوں اور عالمی مارکیٹ تک رسائی کے نئے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

لاہور۔20جولائی (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اب صنعتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئے امکانات پیدا کر رہی ہے۔ بزنس ٹو بزنس فورمز پاکستانی صنعتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی، مشترکہ منصوبوں اور عالمی مارکیٹ تک رسائی کے نئے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں چین کے اعلی سطح کے تجارتی وفد کے ساتھ ایک خصوصی انٹرایکٹو سیشن کے دوران خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور نجی شعبے کے درمیان براہِ راست روابط دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف پی سی سی آئی دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔کلر اینڈ کیم ایکسپو کے کنوینر عبدالرحیم چغتائی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے نجی شعبے کے درمیان براہِ راست روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، ڈائز اینڈ کیمیکلز، پینٹس، لیدر، فٹ ویئر اور دیگر صنعتی شعبوں میں چینی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری سے پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔چینی وفد کے قائدین نے بھی خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی مارکیٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی۔

چین سے آنے والا اعلی سطح کا تجارتی وفد 58 ممتاز چینی مینوفیکچرنگ کمپنیوں پر مشتمل تھا، جنہوں نے پاکستانی صنعتکاروں اور تاجروں کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری، اسٹریٹجک پارٹنرشپس، ٹیکنالوجی کے تبادلے، ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس، سرمایہ کاری کے مواقع اور طویل المدتی تجارتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔تقریب کے بعد منعقد ہونے والی ملاقاتوں میں پاکستانی اور چینی کمپنیوں نے انفرادی سطح پر تجارتی مذاکرات کیے اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں، درآمدات، برآمدات، صنعتی تعاون اور سرمایہ کاری کے متعدد امکانات کا جائزہ لیا۔

چینی وفد میں ٹیکسٹائل و ملبوسات، پینٹس و کوٹنگز، لیدر و لیدر مصنوعات، ڈٹرجنٹس و کیمیکلز، اور فٹ ویئر و جوتا سازی سمیت مختلف صنعتی شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف کمپنیاں شامل تھیں، جنہوں نے پاکستانی کاروباری برادری کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔تقریب میں مختلف چیمبرز، تجارتی تنظیموں، صنعتکاروں، درآمد کنندگان، برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔