پاکستان بزنس فورم کا پٹرول پمپ ایسوسی ایشن سے ہڑتال کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ، عوام کو مشکلات میں نہ ڈالا جائے، چیف آرگنائزر احمد جواد

پاکستان بزنس فورم نے آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سے ہڑتال کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ غیر معمولی حالات میں ہڑتال کی کال عوام، کاروباری برادری اور قومی معیشت کے مفادات کے خلاف ہے۔

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم نے آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سے ہڑتال کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ غیر معمولی حالات میں ہڑتال کی کال عوام، کاروباری برادری اور قومی معیشت کے مفادات کے خلاف ہے۔ چیف آرگنائزر پاکستان بزنس فورم احمد جواد نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں معاشی چیلنجز کے وقت میں پٹرول پمپوں کی ہڑتال سے نہ صرف عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہو گا بلکہ صنعت، تجارت، ٹرانسپورٹ اور سپلائی چین بھی متاثر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ڈیلر مارجن بڑھانے کا مطالبہ مناسب نہیں۔ اس وقت پٹرولیم ڈیلرز کو فی لیٹر تقریباً 8 روپے مارجن حاصل ہے جو موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں مناسب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے نازک مرحلہ پر تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنے ذاتی مفادات کے بجائے قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔احمد جواد نے کہا کہ پٹرول پمپ ایسوسی ایشن ایسے حساس حالات میں یکطرفہ فیصلے نہیں کر سکتی۔ ایسے اقدامات سے عوام میں بے چینی پیدا ہو گی اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی جس کا براہ راست نقصان ملکی معیشت کو پہنچے گا۔انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ احمد جواد نے سوال کیا کہ اگر حکومت روزانہ نئی قیمتیں مقرر کرے گی تو صنعت، تجارت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے اپنی لاگت، قیمتوں اور کاروباری منصوبہ بندی کیسے کریں گے؟ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل سے معیشت میں غیر یقینی پیدا ہو گی اور سرمایہ کاری کا ماحول بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

چیف آرگنائزر پاکستان بزنس فورم نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھائو کا ہر بوجھ عوام پر منتقل کرنا مناسب نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ کم از کم ایک ماہ کے لیے پٹرولیم لیوی موخر کرے تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے اور مہنگائی کے دبائو میں کمی آئے، حکومت کو مشکل حالات میں عوام اور کاروباری طبقے کا سہارا بننا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بزنس فورم حکومت اور پٹرول پمپ ایسوسی ایشن دونوں سے اپیل کرتا ہے کہ افہام و تفہیم اور مشاورت کے ذریعے ایسا متوازن حل نکالیں جو عوام، کاروباری برادری اور قومی معیشت کے مفاد میں ہو، موجودہ حالات اتحاد، استحکام اور ذمہ دارانہ فیصلوں کے متقاضی ہیں، نہ کہ ایسے اقدامات کے جو عوامی مشکلات اور معاشی بے یقینی میں اضافہ کریں۔