کماد کے کاشتکار فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے ضرررساں کیڑوں سے بچائو کے لئے اقدامات کریں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ کماد کے کاشتکار فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے ضرررساں کیڑوں سے بچائو کے لئے اقدامات کریں

سیالکوٹ ۔ 22 جولائی (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ کماد کے کاشتکار فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے ضرررساں کیڑوں سے بچائو کے لئے اقدامات کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کماد کے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ کاشتکار کماد کی فی ایکڑ زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے فصل کو ضرورت کے مطابق پانی ضرور لگائیں اور ضرررساں کیڑوں سے بچائو کے لئے محکمہ زراعت کے مشورہ سے موثر اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ کماد کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے فصل کو نقصان دہ کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رکھیں ، کماد کی فصل میں بارش کی آمد کے ساتھ ہی جولائی میں گورداسپوری گڑواں کے پروانے نکلنے شروع ہوتے ہیں، اس کی سنڈیاں گنے کے اوپر تنے کے چھلکے کو ایک حلقے میں کترتی ہیں اور ایک سوراخ بناتی ہیں جس کی وجہ سے گنے کے اوپر کا حصہ پہلے مرجھانے کے بعدسوکھ جا تا ہے اور تیز ہوا سے گنا کٹ کر گر سکتا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ کماد کی فصل کو بیماریوں سے بچانے کیلئے بروقت اسپرے کریں اور مناسب کھادوں کا استعمال یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ کماد میں کسی بھی بیماری کے نظر آنے پر محکمہ زراعت کے نمائندوں سے رابطہ کریں ،ان کے مشورہ سے ادویات کا استعمال کریں اور ممنوعہ زہروںکا ہرگز استعمال نہ کریں۔