وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد و بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد و بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت

گلگت۔ 23 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے حالیہ بارشوں، گلیشیئرز پگھلنے اور سیلابی ریلوں کے باعث متاثرہ علاقوں میں فوری امداد اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بیان میں تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو چوبیس گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ​وزیر اعلیٰ نے محکمہ خوراک اور صحت کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں راشن، پینے کے صاف پانی، خیموں، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ سیلابی ریلوں سے متاثرہ انفراسٹرکچر، پلوں اور مرکزی و ذیلی رابطہ سڑکوں کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت اور آمد و رفت کی بحالی کے لیے بھاری مشینری کو فوری متحرک کرنے کا حکم دیا گیا ۔

گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) اور ضلعی انتظامیہ کو این ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل رابطہ قائم رکھتے ہوئے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سرگرم عمل رہنے کا پابند کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت عوام کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے متاثرین کی بحالی اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ​وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں جاکر صورتحال کا جائزہ لیں اور امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ کو ارسال کریں۔