سیالکوٹ، جدید مشینری، تجربہ کار تکنیکی عملہ اور 24 گھنٹے سروس کی بدولت صنعتکاروں کو بروقت اور معیاری سہولت میسر ہے، پراجیکٹ ڈائریکٹر

سیالکوٹ میٹل انڈسٹری ڈویلپمنٹ سینٹر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر خرم شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ میٹل انڈسٹری ڈویلپمنٹ سینٹر سیالکوٹ جدید صنعتی تقاضوں کے مطابق ہیٹ ٹریٹمنٹ کی معیاری سہولیات فراہم کر رہا ہے

سیالکوٹ۔ 23 جولائی (اے پی پی):سیالکوٹ میٹل انڈسٹری ڈویلپمنٹ سینٹر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر خرم شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ میٹل انڈسٹری ڈویلپمنٹ سینٹر سیالکوٹ جدید صنعتی تقاضوں کے مطابق ہیٹ ٹریٹمنٹ کی معیاری سہولیات فراہم کر رہا ہے، جہاں کنویئر بیلٹ بیسٹ ٹریٹمنٹ فرنس کے ذریعے دھاتی مصنوعات کی مضبوطی، پائیداری اور معیار کو بین الاقوامی سطح کے مطابق بہتر بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر میں جدید مشینری، تجربہ کار تکنیکی عملہ اور 24 گھنٹے سروس کی بدولت صنعتکاروں کو بروقت اور معیاری سہولت میسر آ رہی ہے۔ مناسب نرخوں پر ہیٹ ٹریٹمنٹ کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ہنگامی بنیادوں پر بھی آرڈرز مکمل کیے جاتے ہیں تاکہ صنعتوں کی پیداواری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

خرم شہزاد اعوان نے کہا کہ سیالکوٹ کی سرجیکل، آٹو پارٹس، انجینئرنگ اور دیگر میٹل انڈسٹریز کے لیے یہ سہولت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ معیاری ہیٹ ٹریٹمنٹ سے مصنوعات کی کارکردگی اور عالمی منڈی میں مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے صنعتکاروں سے اپیل کی کہ وہ میٹل انڈسٹری ڈویلپمنٹ سینٹر کی جدید سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ مقامی صنعت مزید ترقی کرے، برآمدات میں اضافہ ہو اور پاکستان کی صنعتی مصنوعات عالمی معیار کے مطابق تیار کی جا سکیں۔