بھکر، نوجوان گلوکار ملک امتیاز راں کا نیا سونگ ریلیز، سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

دلیوالہ کے نوجوان گلوکار ملک امتیاز راں کا نیا سونگ ریلیز، سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔دلیوالہ کی سرزمین سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے نوجوان گلوکار ملک امتیاز راں کا نیا سونگ باضابطہ طور پر ریلیز کر دیا گیا

بھکر۔ 23 جولائی (اے پی پی):دلیوالہ کے نوجوان گلوکار ملک امتیاز راں کا نیا سونگ ریلیز، سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔دلیوالہ کی سرزمین سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے نوجوان گلوکار ملک امتیاز راں کا نیا سونگ باضابطہ طور پر ریلیز کر دیا گیا، جسے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا اور موسیقی کے شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔اس خوبصورت گانے کے دل کو چھو لینے والے بول معروف نوجوان شاعر عاقب جاوید شازب نے تحریر کیے ہیں، جبکہ اس کی مسحور کن دھن معروف موسیقار عبدالقیوم خان نے ترتیب دی ہے۔ گانے کی آڈیو ریکارڈنگ باو جی سٹوڈیو لاہور میں مکمل کی گئی، جبکہ اس کی ویڈیو راول فلمز اسلام آباد نے دلکش اور خوبصورت لوکیشنز پر فلمائی ہے، جس نے گانے کے حسن کو مزید نکھار دیا ہے۔

ریلیز کے چند ہی گھنٹوں میں گانے نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی، جہاں بڑی تعداد میں مداح نہ صرف اسے سن رہے ہیں بلکہ اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر بھی کر رہے ہیں۔ موسیقی سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ متاثر کن آواز، خوبصورت شاعری، شاندار کمپوزیشن اور معیاری ویڈیو اس سونگ کو دیگر تخلیقات سے منفرد بناتی ہے۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ نوجوان گلوکار ملک امتیاز راں کا تعلق عالمی شہرت یافتہ شاعر ملک سونا خان بے وس کے خاندان سے ہے، جس کے باعث ان میں فنونِ لطیفہ کا ذوق خاندانی روایت کا تسلسل بھی دکھائی دیتا ہے۔علاقے کے ادبی، ثقافتی اور موسیقی کے حلقوں نے ملک امتیاز راں کی اس کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے دلیوالہ اور ضلع بھکر کا نام قومی و بین الاقوامی سطح پر روشن کریں گے۔