خیبرپختونخوا میں 10,930 ایکڑ زرعی اراضی کو سیراب کرنے کے لیے آبپاشی منصوبہ تیار

خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے قریب مجوزہ سی پیک سٹی سے ملحقہ علاقوں میں زرعی اراضی کو پانی کی فراہمی بڑھانے کے لیے ایک بڑے آبپاشی منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے جس کے تحت 10,930 ایکڑ سے زائد رقبے پر آبپاشی اور کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ کا نظام قائم کیا جائے گا

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے قریب مجوزہ سی پیک سٹی سے ملحقہ علاقوں میں زرعی اراضی کو پانی کی فراہمی بڑھانے کے لیے ایک بڑے آبپاشی منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے جس کے تحت 10,930 ایکڑ سے زائد رقبے پر آبپاشی اور کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ کا نظام قائم کیا جائے گا۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق ’’پہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن (پی ایچ ایل سی ای) پراجیکٹ -ایڈیشنل ایریا: لاٹ-4‘‘ کے تحت اہم زرعی علاقوں میں وسیع پیمانے پر آبپاشی نظام اور کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ (سی اے ڈی) کی تجویز دی گئی ہے۔دستاویزات کے مطابق منصوبہ کا لاٹ-4 تین بڑے حصوں پر مشتمل ہے جن میں انڈس امبر ایڈیشنل کمانڈ ایریا (3,234 ہیکٹر)، انڈس امبر ایچ ای آئی ایس/پی ڈی این ایریا (464 ہیکٹر) اور نندرک ایریا (726 ہیکٹر) شامل ہیں۔دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبے کا ایک حصہ موٹروے ایم-1 کے جنوب اور انڈس برانچ کینال کے مغرب میں واقع ہے جبکہ اس کی مغربی سرحد مجوزہ سی پیک سٹی سے ملتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس علاقے میں آبپاشی کے نظام اور کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ کی مکمل ترقی کی تجویز دی گئی ہے۔منصوبے کا دوسرا حصہ نندرک ایریا ہے جو سی پیک سٹی کے جنوب اور دریائے کابل کے شمال میں واقع ہے۔

دستاویزات کے مطابق اس علاقے کے بعض حصوں کو پہلے ہی انڈس برانچ کینال کے آخری حصے سے جہانگیرہ اور نندرک مائنرز کے ذریعے آبپاشی کی سہولت حاصل ہے تاہم منصوبے کے تحت موجودہ آبپاشی نظام کی بحالی اور مضبوطی کی تجویز دی گئی ہے تاکہ زرعی پیداوار میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جا سکے۔منصوبے کا سب سے بڑا حصہ انڈس امبر ایڈیشنل کمانڈ ایریا پر مشتمل ہے جو لاٹ-3 سے متصل واقع ہے۔ اس کا تقریباً نصف حصہ میرا برانچ اور موٹروے ایم-1 کے درمیان واقع ہے جبکہ باقی رقبہ موٹروے کے جنوب میں انڈس برانچ کینال کے دونوں اطراف پھیلا ہوا ہے۔ منصوبے میں اس پورے علاقے میں آبپاشی اور کمانڈ ایریا انفراسٹرکچر کی مکمل ترقی کی سفارش کی گئی ہے۔دستاویزات کے مطابق منصوبے کے تینوں حصوں کا مجموعی کمانڈ ایریا تقریباً 10,930 ایکڑ بنتا ہے۔ اس میں انڈس امبر ایڈیشنل کمانڈ ایریا 3,234 ہیکٹر، انڈس امبر ایچ ای آئی ایس/پی ڈی این ایریا 464 ہیکٹر اور نندرک ایریا 726 ہیکٹر پر مشتمل ہے۔منصوبے کے تحت انڈس امبر کے دونوں علاقوں میں مکمل آبپاشی اور کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ کی جائے گی جبکہ نندرک ایریا میں موجودہ آبپاشی نظام کی بحالی اور مضبوطی پر توجہ دی جائے گی۔

دستاویزات کے مطابق منصوبے کا بنیادی مقصد آبپاشی کے دائرہ کار کو وسعت دینا، پانی کی تقسیم کے نظام کو زیادہ موثر بنانا اور متعلقہ زرعی علاقوں میں کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ کو مضبوط کرنا ہے۔منصوبہ مکمل ہونے کے بعد اس سے پورے علاقے میں آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری آئے گی اور خطے میں زرعی ترقی کو فروغ ملے گا۔