وزیر اعلی پنجاب زرعی گریجوایٹس انٹرن شپ پروگرام کے تحت درخواستیں مطلوب

محکمہ زراعت پنجاب نے وزیر اعلی پنجاب زرعی گریجوایٹس انٹرن شپ پروگرام کے تحت نوجوان زرعی گریجوایٹس سے درخواستیں طلب کرلیں

لاہور۔23جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے وزیر اعلی پنجاب زرعی گریجوایٹس انٹرن شپ پروگرام کے تحت نوجوان زرعی گریجوایٹس سے درخواستیں طلب کرلیں ۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق اس ضمن میں ایسے زرعی گریجوایٹس نوجوان جن کی بالائی عمر کی حد27سال(درخواست کی آخری تاریخ تک) اور جن کی تعلیمی قابلیت کا معیار بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچرہو درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ اس پروگرام کے تحت 1500نوجوان زرعی گریجوایٹس کی بھرتی کی جائے گی جن کو ماہانہ 70ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔خواہشمند نوجوان زرعی گریجویٹس درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹwww.agripunjab.gov.pkسے ڈاون لوڈ کر سکتے ہیں یا متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع) یا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر سے حاصل کر سکتے ہیں۔شرائط و ضوابط و دیگر تفصیلات درخواست فارم پر درج ہیں۔

نوجوان زرعی گریجوایٹس درخواست فارم مکمل کر کے 30جولائی2026 تک متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں جمع کرائیں۔یاد رہے،گزشتہ سالوں میں انٹرن شپ پروگرام سے مستفید ہونے والے انٹرنیز اہل نہ ہوں گے۔