ملک میں 23 جولائی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قیمتوں کے حساس اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر ہفتہ وار مہنگائی میں 0.91 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا
ملک میں ایس پی آئی کی بنیاد پر ہفتہ وار مہنگائی میں 0.91 فیصد اضافہ ہوا،ادارہ شماریات

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):ملک میں 23 جولائی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قیمتوں کے حساس اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر ہفتہ وار مہنگائی میں 0.91 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق زیر جائزہ ہفتے میں حساس قیمتوں کا اشاریہ 357.61 پوائنٹس سے بڑھ کر 360.88 پوائنٹس تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ سال کے اسی ہفتے کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح 9.66 فیصد زیادہ رہی۔رپورٹ کے مطابق 2015-16 کو بنیادی سال مان کر تیار کیے جانے والے حساس قیمتوں کے اشاریے میں 17 شہری مراکز اور 51 بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔اعدادوشمار کے مطابق کم آمدنی والے طبقے (ماہانہ آمدنی 17 ہزار 732 روپے تک) کے لیے مہنگائی میں 0.87 فیصد اضافہ ہوا جبکہ 17,733 سے 22,888 روپے، 22,889 سے 29,517 روپے، 29,518 سے 44,175 روپے اور 44,175 روپے سے زائد آمدن والے گروپوں کے لیے مہنگائی کی شرح بالترتیب 0.89 فیصد، 0.80 فیصد، 0.86 فیصد اور 0.98 فیصد بڑھی۔رپورٹ کے مطابق زیر جائزہ ہفتے میں 51 میں سے 22 اشیا (43.14 فیصد) مہنگی ہوئیں، 8 اشیا (15.68 فیصد) کی قیمتوں میں کمی آئی جبکہ 21 اشیا (41.18 فیصد) کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ہفتہ وار بنیاد پر سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں 39.92 فیصد ریکارڈ کیا گیا، اس کے بعد ڈیزل 15.87 فیصد، انڈے 7.31 فیصد، پٹرول 5.23 فیصد، آلو 3.70 فیصد، ایل پی جی 0.91 فیصد، پکی ہوئی دال 0.72 فیصد، لپٹن چائے 0.59 فیصد، سرسوں کا تیل 0.45 فیصد، لہسن 0.41 فیصداور صابن 0.21 فیصد مہنگا ہوا۔دوسری جانب مرغی کی قیمت میں 4.66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ کیلے 1.72 فیصد، مونگ کی دال 1.08 فیصد، ماش کی دال 1.07 فیصد، آئی آر آر آئی 6/9 چاول 0.52 فیصد، مسور کی دال 0.40 فیصد، چینی 0.09 فیصد اور چنے کی دال 0.03 فیصد سستی ہوئی۔سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 32.69 فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ چنے کی دال 21.48 فیصد، چینی 17.67 فیصد، نمک پائوڈر 14.09 فیصد، مرغی 13.73 فیصد، مسور کی دال 13.55 فیصد، انڈے 9.59 فیصد اور مونگ کی دال 8.67 فیصد سستی ہوئی تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں 253.04 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ پیاز 81.55 فیصد، گندم کا آٹا 74.13 فیصد، ایل پی جی 46.87 فیصد، ڈیزل 31.92 فیصد، بجلی کے سہ ماہی اول کے چارجز 22.79 فیصد، پیٹرول 20.32 فیصد، مٹن 16.02 فیصد، لال مرچ پائوڈر 15.20 فیصد، گائے کا گوشت 13.09 فیصد، کیلے 12.06 فیصد اور روٹی 9.69 فیصد مہنگی ہوئی۔








