کاشتکار مرچ کی چنائی صبح یا شام کے اوقات میں کریں ، ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت فیصل آباد

محکمہ زراعت نے مرچ کے کاشتکاروں کو مرچوں کی چنائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت فیصل آباد عدیل احمد نے کہاہے کہ چونکہ مقررہ وقت پر چنائی نہ کرنے کے عمل سے فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتاہے

فیصل آباد۔ 26 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے مرچ کے کاشتکاروں کو مرچوں کی چنائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت فیصل آباد عدیل احمد نے کہاہے کہ چونکہ مقررہ وقت پر چنائی نہ کرنے کے عمل سے فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتاہے اس لئے اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ چنائی کا عمل اس وقت شروع کیاجائے جب مرچ اچھی طرح پک چکی ہو اور اس کا رنگ بھی مکمل طور پر سرخ ہو چکاہو۔ انہوں نے کہاکہ چنائی صبح یا شام کے ٹھنڈے اوقات میں کرنی چاہیے تاکہ پودے ٹوٹنے کا احتمال نہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ مرچ کی چنائی ہفتہ عشرہ کے وقفے سے کرنے کے بعد مرچوں کو اکٹھا ڈھیر کی صورت میں رکھنے کی بجائے خشک اور صاف چٹائی پر اسے احتیاط سے بکھیر دیناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار چنائی کے بعد کمزور اور بیماری سے متاثرہ مرچوں کو الگ کر دیں نیز مرچوں کو بارش یا آندھی سے بچانے کےلئے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ بہتر پیداوار کے ذریعے کاشتکاروں کو مالی منافع حاصل ہوسکے۔