گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ نہ صرف انسانی صحت کیلئے اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے، محکمہ زراعت

گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ نہ صرف انسانی صحت کیلئے اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ یہ انسان کے جسم اور دماغ کو توانا رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

سیالکوٹ۔ 28 جولائی (اے پی پی):گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ نہ صرف انسانی صحت کیلئے اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ یہ انسان کے جسم اور دماغ کو توانا رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار زراعت آفیسر محکمہ زراعت پسرور ذیشان گورائیہ نے منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گھر کے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں سپرے سے پاک ہوتی ہیں، عوا م کو چاہئے کہ وہ کچن گارڈننگ کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ اگر گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کے لئے جگہ دستیاب نہ ہو تو گملوں، کھلے ڈبوں، پلاسٹک یا لکڑی کی ٹرے میں بھی سبزیاں اگائی جاسکتی ہیں۔ زراعت آفیسر نے کہا کہ گھریلو پیمانے پر چھوٹے پلاٹوں میں ایسی سبزیاں کاشت کی جائیں جوکافی دیر تک پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پالک، دھنیا، میتھی، گوبھی، ٹماٹر، شلجم، گاجر، مولی جیسی سبزیاں تین سے پانچ مرلہ کے پلاٹ میں باآسانی کاشت کی جاسکتی ہیں، ان سبزیوں کے لئے پینے والا گھریلو پانی بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبزیاں کاشت کرنے کے بعد انہیں پانی دیتے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ پانی کھیلیوں سے اوپر نہ جائے ورنہ اس سے زمین سخت اور اگائو متاثر ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں