صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی زیر صدارت پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع بارے بریفنگ سیشن

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے زیر اہتمام صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے خصوصی بریفنگ سیشن مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔

لاہور۔1اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے زیر اہتمام صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے خصوصی بریفنگ سیشن مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ وزیر تجارت و سرمایہ کاری سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی محمد حنیف چنہ کی قیادت میں امریکی سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام پر مشتمل22 رکنی وفد کے ساتھ ساتھ ایس آئی ایف سی کے چار رکنی وفد نے بھی بریفنگ سیشن میں شرکت کی۔ چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ منتہی اشرف، سیکرٹری انڈسٹریز،سیکرٹری زراعت اور صنعتکار بھی شریک ہوئے۔

مختلف اداروں کے سربراہان نے زراعت، توانائی،معدنیات اوردیگر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین وقت اور سازگار ماحول موجود ہے سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچرموجود ہے اور سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب اور امریکاکے مابین معاشی تعاون بڑھانے کا بے حد پوٹینشل موجود ہے اور اس مقصد کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دئیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کا صوبے میں جدید زراعت کے فروغ پر خصوصی فوکس ہے۔

پنجاب اور امریکا جدید زرعی آلات کی تیاری، سویا بین کی کاشت اور سیڈ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مل کر کام کرسکتے ہیں جدید زراعت کے فروغ کیلئے امریکا کے تجربات سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں ۔ امریکی سرمایہ کار پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں جدید زرعی آلات کی مینوفیکچرنگ کے کارخانے لگائیں،ہر ممکن سہولت دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں تیار ہونے والے 90 فیصد آلات جراحی امریکا اور کینیڈا کو برآمد ہورہے ہیں سرجیکل انڈسٹری میں ہونے والی توسیع کے پیش نظر سیالکوٹ میں سرجیکل سٹی بنایا جارہا ہے پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کیلئے قائد آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جارہی ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے صنعتی مراکز میں الیکٹرک موٹر بائیکس کی ایسمبلنگ کے بہت سے پلانٹ پیدا وار دے رہے ہیں جبکہ متعدد چائنیز کمپنیاں لیتھیئم بیٹریوں کی مینوفیکچرنگ کے کارخانے لگا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کو پاکستان کی معیشت میں کلیدی حیثیت حاصل ہے اس لئے حکومت نے قائدِ اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں سٹیٹ آف دی گارمنٹ سٹی بنایا ہے پنجاب اور امریکا کی کمپنیاں ٹیکسٹائل سیکٹر میں تعاون کے فروغ کا جائزہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پنجاب اور امریکا کے مابین موجود تجارتی خلا کو کم کیا جائے اس مقصد کے حصول کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ امریکی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کو سراہا۔ امریکی وفد کا کہنا تھاکہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھائیں گے۔ امریکی سرمایہ کاروں کے اعلی سطح کے وفد میں صدر ٹی آر جی انٹرنیشنل حسنین اسلم، منرل الائنس کی مسزنکولے لوجرز، ٹینڈم ڈیفنس کی ڈائریکٹر مسز جے سیکا لائی کوز اور دیگر شامل تھے۔