ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے چیلنج اسپیشل اکنامک زون لاہور صنعتی ترقی کے نئے مرحلے میں داخل

ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے چیلنج اسپیشل اکنامک زون لاہور صنعتی ترقی کے نئے مرحلے میں داخل

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر سہولت کاری کے نتیجے میں پاکستان میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کی کوششوں کو ایک اور اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ چیلنج اسپیشل اکنامک زون (SEZ) لاہور کے پہلے مرحلے کے لیے فنانسنگ معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے ہیں، جس سے منصوبہ عملی طور پر صنعتی ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔وزیراعظم آفس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران چیلنج اسپیشل اکنامک زون لاہور کی فنانسنگ کے پہلے مرحلے کی تکمیل کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ یہ منصوبہ چیلنج فیشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے تحت تیار کیا جا رہا ہے اور اسے پاکستان میں جدید صنعتی و برآمدی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ایس آئی ایف سی نے اس منصوبے کی تکمیل میں حکومتی اداروں، سرمایہ کاروں اور مالیاتی شراکت داروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور سہولت فراہم کرتے ہوئے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔99.45 ایکڑ پر محیط چیلنج اسپیشل اکنامک زون لاہور کو برآمدی مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل صنعت اور صنعتی ویلیو چین کے فروغ کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔ منصوبے سے نہ صرف روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی، صنعتی مہارت میں اضافہ اور قومی پیداواری صلاحیت کو بھی تقویت ملے گی۔

فنانسنگ معاہدوں کی کامیاب تکمیل اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان کے صنعتی منصوبوں پر ملکی بینکاری شعبے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مسلسل مضبوط ہو رہا ہے، جبکہ یہ پیش رفت مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کے لیے بھی مثبت اشارہ ہے۔چیلنج اسپیشل اکنامک زون لاہور پاک چین اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور پاکستان کو خطے میں ایک مسابقتی صنعتی و برآمدی مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمت عملی اور سہولت کاری کے باعث اسٹریٹجک منصوبوں کی بروقت تکمیل، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافہ اور سازگار کاروباری ماحول کے فروغ کی حکومتی کوششیں مزید مضبوط ہو رہی ہیں۔