"عالمی ہیلتھ کیئر کمپنی نوو نورڈسک نے مہتاز سلطان خان کو پاکستان کے لیے جنرل منیجر مقرر کر دیا ہے، جس کا اطلاق 3 اگست 2026 سے ہو گیا ہے۔”
مہتاز سلطان خان عالمی ہیلتھ کیئر کمپنی نوو نورڈسک کے پاکستان کے جنرل مینیجر مقرر

مزید خبریں
اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):عالمی ہیلتھ کیئر کمپنی نوو نورڈسک( جو ذیابیطس کے علاج میں عالمی قیادت رکھنےکے ساتھ موٹاپے کے علاج پر بھی تیزی سے توجہ مرکوز کررہی ہے) نے مہتاز سلطان خان کو پاکستان کے لیے جنرل منیجر مقرر کردیا جس کا اطلاق 3 اگست 2026 سے ہوگیا ہے۔
منگل کو عالمی ہیلتھ کیئر کمپنی نوو نورڈسک کی پریس ریلیزکے مطابق مہتاز سلطان خان نے ایسے وقت میں نوو نورڈسک میں شمولیت اختیار کی جب کمپنی پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے رہی ہے۔ مئی 2026 سے کمپنی نے موٹاپے کے علاج کے لیے اپنی جدید تھراپی متعارف کرائی ہے اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کو مزید مضبوط بنایا ۔مہتاز سلطان خان صحت اور صارفین کی مصنوعات کے شعبوں میں 15 سال سے زائد عرصے کا قائدانہ تجربہ رکھتے ہیں۔ انہیں تجارتی حکمت عملی، برانڈ کی ترقی، پورٹ فولیو مینجمنٹ اور کاروباری تبدیلی کے شعبوں میں پاکستان، سعودی عرب، خلیجی ممالک اور عراق میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔نوو نورڈسک میں شمولیت سے قبل وہ ایبٹ نیوٹریشن انٹرنیشنل (پاکستان و عراق) میں مارکیٹنگ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جہاں انہوں نے کمرشل ٹرانسفارمیشن اور پورٹ فولیو کی توسیع میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سے قبل وہ ریکٹ، نیسلے، المراعی اور شان فوڈز میں بھی مختلف اعلیٰ عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ان کی تقرری نوو نورڈسک کی پاکستان کے لیے سٹریٹجک ترجیح کی عکاسی کرتی ہے جہاں ذیابیطس اور موٹاپے کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔اس موقع پر مہتاز سلطان خان نے کہا کہ وہ ایسے اہم مرحلے پر کمپنی کا حصہ بننے پر پرجوش ہیں جب پاکستان کے صحت کے شعبے کو ذیابیطس اور موٹاپے جیسے بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدت، مضبوط شراکت داری اور بیماریوں سے متعلق آگاہی کے ذریعے مریضوں کے علاج کے نتائج بہتر بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوو نورڈسک کی سائنسی مہارت کی مضبوط روایت کے ساتھ وہ اپنی ٹیم اور متعلقہ شراکت داروں کے تعاون سے معیاری علاج تک رسائی بڑھانے، دائمی بیماریوں سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے اور مریضوں کے ساتھ ساتھ صحت کے نظام کے لیے دیرپا فوائد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔اس موقع پر براق جیم، نائب صدر نوو نورڈسک بزنس ایریا مڈل ایسٹ اینڈ سینٹرل ایشیا (BAMECA) نے کہا کہ پاکستان نوو نورڈسک کے لیے اہم مارکیٹ ہے، مہتاز سلطان خان مقامی صحت کے شعبے کی گہری سمجھ اور بھرپور تجربہ رکھتے ہیں جو پاکستان میں جدید علاج تک رسائی بڑھانے اور مختلف شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔نوو نورڈسک گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان میں سرگرم عمل ہے اور سائنسی جدت، بیماریوں سے متعلق آگاہی اور صحت کے شعبے کے مختلف شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے ملک کے ہیلتھ کیئر نظام میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے۔







