پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق، تمغہ امتیاز نے کہا ہے کہ انٹیریئر ڈیزائن اب صرف خوبصورتی تک محدود نہیں رہا بلکہ صنعتی منصوبہ بندی، پیداواری صلاحیت، دفتری کارکردگی اور ادارہ جاتی شناخت کا اہم جزو بن چکا ہے۔
انٹیریئر ڈیزائن صنعتی ترقی اور پیداواری صلاحیت کے لیے ناگزیر ہے، میاں کاشف اشفاق

مزید خبریں
لاہور۔4اگست (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق، تمغہ امتیاز نے کہا ہے کہ انٹیریئر ڈیزائن اب صرف خوبصورتی تک محدود نہیں رہا بلکہ صنعتی منصوبہ بندی، پیداواری صلاحیت، دفتری کارکردگی اور ادارہ جاتی شناخت کا اہم جزو بن چکا ہے۔ منگل کو لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام "انٹیریئر ڈیزائن تھیسس شو 2026” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید انداز میں ڈیزائن کیے گئے دفاتر اور صنعتی مقامات ملازمین کے لیے بہتر ماحول، تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ اور دستیاب جگہ کے موثر استعمال کو یقینی بناتے ہیں، جس سے مجموعی پیداواری کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔
میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر اور انٹیریئر ڈیزائن صنعت میں فیکٹریوں، کارپوریٹ دفاتر اور تجارتی اداروں کی ضروریات پوری کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ جدید ڈیزائن، ماحول دوست مواد اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی اختیار کریں تاکہ عالمی معیار پر پورا اترتے ہوئے بین الاقوامی منڈی میں موثر مقابلہ کیا جا سکے۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر عظمی قریشی نے کہا کہ یونیورسٹی نے چین ون کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے ذریعے ڈیزائنرز، آرکیٹیکٹس، مینوفیکچررز اور صنعتی شعبے کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ جدت اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
چن ون کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کارپوریٹ ماریہ توقیر نے کہا کہ مناسب حکومتی پالیسیوں، تربیت یافتہ افرادی قوت اور جدید مینوفیکچرنگ طریقوں کے ذریعے پاکستان کی فرنیچر اور انٹیریئر ڈیزائن صنعت معاشی ترقی، برآمدات اور روزگار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے۔ بعد ازاں میاں کاشف اشفاق نے طلبہ کے تیار کردہ مختلف انٹیریئر ڈیزائن منصوبوں کا معائنہ کیا اور اساتذہ کی نگرانی میں ان کی تخلیقی صلاحیتوں، فنی مہارت اور جدت کو سراہا۔








