ایس ای سی پی کا کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ میں اصلاحات کے لیے ورکنگ گروپ قائم

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ملک میں ڈیٹ کیپیٹل مارکیٹ کے فروغ اور اسے مزید مضبوط، موثر اور متحرک بنانے کے لیےاعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا ہے۔اس اقدام کا مقصد کارپوریٹ سیکٹر، صنعت اور حکومت کو طویل المدتی سرمایہ کے متنوع ذرائع فراہم کرنا، روایتی بینک فنانسنگ پر انحصار کم کرنا اور پاکستان میں ڈیٹ کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کو فروغ دینا …

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ملک میں ڈیٹ کیپیٹل مارکیٹ کے فروغ اور اسے مزید مضبوط، موثر اور متحرک بنانے کے لیےاعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا ہے۔اس اقدام کا مقصد کارپوریٹ سیکٹر، صنعت اور حکومت کو طویل المدتی سرمایہ کے متنوع ذرائع فراہم کرنا، روایتی بینک فنانسنگ پر انحصار کم کرنا اور پاکستان میں ڈیٹ کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ایس ای سی پی کے کمشنر محمد علی فرید خواجہ کی سربراہی میں قائم ورکنگ گروپ کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کا جامع جائزہ لے گا، اس کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرے گا اور مقررہ مدت میں بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ، قابل عمل سفارشات ایس ای سی پی کو پیش کرے گا۔

ورکنگ گروپ میں وزارت خزانہ، ایس ای سی پی، کیپیٹل مارکیٹ کے اداروں، بینکوں، مالیاتی اداروں، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں، قانونی ماہرین اور دیگر اہم مارکیٹ سٹیک ہولڈرز کے نمائندے شامل ہیں۔وسیع نمائندگی پر مشتمل یہ ورکنگ گروپ تین اہم شعبوں پر توجہ دیتے ہوئے قابل عمل سفارشات مرتب کرے گا جن میں ڈیٹ سکیورٹیز کے اجرا کے طریقہ کار کو آسان بنانا، اجرا کی لاگت میں کمی لانا اور قانونی دستاویزات کو معیاری بنانا شامل ہے تاکہ اجرا کا عمل تیز، آسان اور کم لاگت بنایا جا سکے۔ گروپ ڈیٹ سکیورٹیز کے اجرا میں اضافے، سرمایہ کاروں کی زیادہ شمولیت اور پاکستان کی کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کے فروغ کے لیے عملی سفارشات پیش کرے گا۔

ورکنگ گروپ کی سفارشات مستقبل میں کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کو مضبوط بنانے، مارکیٹ کی استعداد اور کارکردگی بہتر بنانے اور کاروباری اداروں کی طویل المدتی سرمایہ تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے ریگولیٹری اور پالیسی اصلاحات کی بنیاد فراہم کریں گی۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہنا ہے کہ کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کا فروغ اور استحکام ایس ای سی پی کی اہم ترجیح ہے۔ ایک مضبوط ڈیٹ مارکیٹ کارپوریٹ سیکٹر، صنعت اور حکومت کے لیے طویل المدتی سرمایہ کے متنوع ذرائع فراہم کرے گی، ادارہ جاتی سرمایہ کاری کو فروغ دے گی اور انفراسٹرکچر و صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔