صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی قطری سفیر سے ملاقات

وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد میں قطر کے سفارت خانے کا دورہ کر کے پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ سے ملاقات کی۔

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد میں قطر کے سفارت خانے کا دورہ کر کے پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی، معاشی، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔منگل کو ایف پی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عاطف اکرام شیخ نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان اور قطر کی قیادت کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے تاریخی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کو قابل قدر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے سیاسی، سفارتی، سماجی اور معاشی تعلقات دونوں ممالک کے لیے باعث فخر ہیں جبکہ اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ایف پی سی سی آئی دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر قطری سفیر علی مبارک علی عیسیٰ نے پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے عاطف اکرام شیخ کی کاوشوں کو سراہا اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران صدر ایف پی سی سی آئی نے سابق امیرِ قطر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے قطری سفیر کے والد کے انتقال پر بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔ملاقات میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق جدون اور چیئرمین کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک بھی شریک تھے۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

مزید خبریں