پانچ اگست 2019 کا دن جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ باب ہے،چوہدری شافع حسین

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے

لاہور۔5اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔بھارت نے اس دن وادی کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔بھارت مسلسل عالمی قوانین کو پامال کررہا ہے،عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔نہتے کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کے مظالم اور جبر ان کی آواز کو کبھی دبا نہیں سکتے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر خاموشی قابل افسوس ہے۔

عالمی برادری کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا مثر کردار ادا کر ے صوبائی وزیر نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی منصفانہ جدو جہد میں ان کے ساتھ کھڑی تھی،کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی۔انشا اللہ جلد کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ہمیں آج کے دن اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہنے کے عہد کی تجدید کرنا ہے۔

 

مزید خبریں