پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے صنعت، جدت، سرمایہ کاری اور کاروباری شعبے کے درمیان مضبوط روابط کا قیام ناگزیر ہے، سردار طاہر محمود

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے صنعت، جدت، سرمایہ کاری اور کاروباری شعبے کے درمیان مضبوط روابط کا قیام ناگزیر ہے، ایسے مشترکہ پلیٹ فارمز ہی پاکستان کو ایک مسابقتی، سرمایہ کاری دوست اور عالمی معیشت سے منسلک ملک بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے صنعت، جدت، سرمایہ کاری اور کاروباری شعبے کے درمیان مضبوط روابط کا قیام ناگزیر ہے، ایسے مشترکہ پلیٹ فارمز ہی پاکستان کو ایک مسابقتی، سرمایہ کاری دوست اور عالمی معیشت سے منسلک ملک بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز چیمبر ہائوس میں "GOPKZ Industry Connect "کی سافٹ لانچ اور کیک کٹنگ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردار طاہر محمود نے کہا کہ پاکستان کا نجی شعبہ صلاحیت، عزم اور کاروباری جذبے سے مالا مال ہے تاہم اس کی حقیقی استعداد سے فائدہ اٹھانے کے لیے سازگار کاروباری ماحول اور موثر پلیٹ فارمز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "GOPKZ Industry Connect” جیسے اقدامات صنعتکاروں، کاروباری شخصیات، سٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور اداروں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں، نئے کاروباری مواقع پیدا کرتے ہیں اور صنعتی تعاون کو فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی پاکستان کو عالمی کاروباری برادری سے جوڑنے، سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی، پائیدار صنعتوں کی ترقی اور بین الاقوامی تجارتی روابط کے استحکام کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔

اس موقع پر گروپ ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ GOPKZ محمد شہروز حبیب نے کہا کہ GOPKZ کے قیام کا مقصد ایک ایسا مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں صنعتکار، کاروباری شخصیات، سرمایہ کار، جدت کار اور پالیسی ساز پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایک ساتھ کام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم پاکستان کی صنعتی صلاحیت کو اجاگر کرنے، اختراع کے فروغ اور ایسی موثر شراکت داریوں کے قیام کے لیے تشکیل دیا گیا ہے جو طویل المدتی معاشی ترقی کی بنیاد بن سکیں۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر سرمایہ کاری کے فروغ، بین الاقوامی شراکت داریوں، جدت طرازی، پائیدار صنعتی ترقی اور ایسے موثر پلیٹ فارمز کے قیام کے لیے پرعزم ہے جہاں کاروباری برادری بدلتی ہوئی عالمی معیشت کے تقاضوں کے مطابق ترقی کر سکے۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران وسیم چوہدری اور ذوالقرنین عباسی، سابق سینئر نائب صدور خالد چوہدری اور نوید ملک، آئی سی سی آئی کے سینئر ممبران اعزاز محمد اور ساجد اقبال سمیت کاروباری برادری کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

 

مزید خبریں