کاشتکاروں کو معیاری زرعی سہولیات کی بروقت فراہمی اولین ترجیح ہے، سپیشل سیکرٹری

کاشتکاروں کو معیاری زرعی سہولیات کی بروقت فراہمی اولین ترجیح ہے، سپیشل سیکرٹری

ملتان۔ 06 اگست (اے پی پی):اسپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز خان مگسی نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو معیاری زرعی سہولیات اور بروقت رہنمائی کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جبکہ کسان سہولت سینٹرز کو کسانوں کے لیے ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد پلیٹ فارم بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کسانوں کی شکایات اور مسائل کا فوری ازالہ کیا جائے اور انہیں رعایتی نرخوں پر دستیاب معیاری زرعی ادویات اور دیگر سہولیات سے مکمل آگاہ رکھا جائے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملتان اور شجاع آباد میں قائم کسان سہولت سینٹرز کے دورے کے دوران کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت (پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول) ڈاکٹر عامر رسول، ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ملتان ڈویژن چوہدری شہزاد صابر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری شاہد اقبال چیمہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ عصمت حسین شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران اسپیشل سیکرٹری زراعت نے کسانوں سے ملاقات کی، انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات، درپیش مسائل اور زرعی خدمات کے معیار سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے کسان سہولت سینٹرز میں موجود مشاورتی رجسٹر اور اسٹاک رجسٹر کا بھی معائنہ کیا اور عملے کو ہدایت کی کہ کسان سہولت سینٹرز کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکار ان حکومتی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔