گورنر فیصل کریم کنڈی سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اقلیتی اراکین بہاری لال اور عسکر پرویز کی ملاقات

گورنر فیصل کریم کنڈی سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اقلیتی اراکین بہاری لال اور عسکر پرویز کی ملاقات

پشاور۔ 06 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اقلیتی اراکین بہاری لال اور عسکر پرویز نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ گورنر ہاوس تر جمان کے مطابق ملاقات میں صوبے میں اقلیتی برادری کو درپیش مسائل، ان کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود سے متعلق امور پرصوبائی اسمبلی میں اقلیتی برادری کے حقوق اور سہولیات سے متعلق جاری اور مجوزہ قانون سازی پر بھی گفتگو کی گئی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو آئین کے مطابق مساوی حقوق حاصل ہیں اور ان کے جان و مال، مذہبی آزادی اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

ملاقات میں اقلیتی برادری کے عالمی دن کی مناسبت سے گورنر ہاؤس پشاور میں ایک خصوصی تقریب کے انعقاد کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی رہنماؤں اور منتخب نمائندوں کی شرکت کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔