فلم ’’میرا لیاری‘‘ آسکر ایوارڈ کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل
فلم ’’میرا لیاری‘‘ آسکر ایوارڈ کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل

مزید خبریں
کراچی۔ 06 اگست (اے پی پی):سندھ حکومت کے تحت تیار ہونے والی فلم ’’میرا لیاری‘‘ آسکر ایوارڈ کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے، جسے سندھ حکومت نے ایک اعزاز قرار دیا ہے۔
جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس حوالے سے سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے فلم بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں فلم انڈسٹری کے فروغ، جاری فلمی منصوبوں، مستقبل کی حکمت عملی اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے ساتھ اشتراک پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محکمہ اطلاعات کے تحت جاری فلمی منصوبوں کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مختلف قومی و بین الاقوامی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ فلمی منصوبوں کی نمائش، تقسیم اور شراکت داری کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فلم ’’میرا لیاری‘‘ کا آسکر ایوارڈ کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہونا پاکستان بالخصوص سندھ کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ فلم آسکر کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہے تو یہ ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا اور سندھ کے فن، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں فلم، ثقافت اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے کیونکہ فلمی صنعت نہ صرف ثقافت اور مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے پیش کرتی ہے بلکہ روزگار کے مواقع، سرمایہ کاری اور تخلیقی شعبوں کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سندھ کو فلم سازی کا ایک مضبوط، جدید اور عالمی معیار کا مرکز بنایا جائے تاکہ مقامی ٹیلنٹ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن، بورڈ ممبران وقاص رضوی، سلیم خان، احتشام انصاری، رب نواز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔







