قائم مقام صدر لاہورچیمبرکی قیادت میں وفد کی چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس لاہور ٹو سے ملاقات
قائم مقام صدر لاہورچیمبرکی قیادت میں وفد کی چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس لاہور ٹو سے ملاقات

مزید خبریں
لاہور۔6اگست (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر تنویر احمد شیخ کی قیادت میں وفد نے چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس لاہور ٹو فضہ بتول سے ملاقات کی۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر خرم لودھی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں چھوٹے دکانداروں کے لیے متعارف کرائی گئی خصوصی فکسڈ ٹیکس اسکیم، ٹیکس نظام کو مزید آسان بنانے، آر ٹی او لاہور ٹو کے دائرہ کار، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قائم مقام صدر تنویر احمد شیخ نے چیف کمشنر فضہ بتول کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کے لیے ایک صفحے پر مشتمل آسان انکم ٹیکس ریٹرن لاہور چیمبر کا دیرینہ مطالبہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہایت خوش آئند ہے ،اس سے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا عمل آسان ہوگا، کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی آئے گی، رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کو فروغ اور زیادہ سے زیادہ چھوٹے کاروبار دستاویزی معیشت کا حصہ بن سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اس نئی اسکیم کے بارے میں تاجروں میں بھرپور آگاہی مہم چلائے گا اور انہیں اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ ایف بی آر اور انکم ٹیکس حکام کے ساتھ مل کر ٹیکس آگاہی، بہتر ٹیکس کلچر اور کاروباری برادری کی سہولت کے لیے کام کرتا رہا ہے۔
چیف کمشنر آر ٹی او لاہور ٹو فضہ بتول نے اس موقع پر خصوصی فکسڈ ٹیکس اسکیم اور آر ٹی او لاہور ٹو کے دائرہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے اہل دکاندار اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے اور انہیں اپنے سالانہ کاروبار کے حجم پر صرف ایک فیصد انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ تاجر آئی آر آئی ایس پورٹل، ایف بی آر کی موبائل ایپ یا اپنے قریبی ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس کی ادائیگی ضروری ہوگی۔ رجسٹرڈ دکاندار معمول کے انکم ٹیکس آڈٹ سے مستثنی اور انہیں اردو سمیت دیگر علاقائی زبانوں میں آسان انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔فضہ بتول نے مزید کہا کہ ایف بی آر ہر رجسٹرڈ دکاندار کو ایک خصوصی گرین پلیٹ جاری کرے گا، جس پر کیو آر کوڈ، این ٹی این اور دکان کی تفصیلات درج ہوں گی۔ یہ گرین پلیٹ ایف بی آر میں رجسٹریشن کا سرکاری ثبوت ہوگی اور رجسٹرڈ دکانداروں کی دکانوں میں ٹیکس حکام بلاوجہ کارروائی یا مداخلت نہیں کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ آر ٹی او لاہور ٹو کے قیام سے ٹیکس دہندگان کو مزید بہتر سہولتیں، تیز رفتار خدمات اور زیادہ موثر ٹیکس انتظامیہ میسر آئے گی۔







