وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سول ایوارڈز کمیٹی نے آئینِ پاکستان اور مقررہ اصولوں کے مطابق سائنس، تعلیم، ادب، فن اور عوامی خدمت کے شعبوں میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والی شخصیات کی نامزدگیوں کا حتمی جائزہ لیا ہے
سول ایوارڈز کے لیے نامزد شخصیات کا حتمی جائزہ مکمل، میرٹ اولین ترجیح ہے ، احسن اقبال
اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سول ایوارڈز کمیٹی نے آئینِ پاکستان اور مقررہ اصولوں کے مطابق سائنس، تعلیم، ادب، فن اور عوامی خدمت کے شعبوں میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والی شخصیات کی نامزدگیوں کا حتمی جائزہ لیا ہے۔
پاکستان سول ایوارڈز کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح خالص میرٹ کی بنیاد پر ان قومی ہیروز کو اعزاز سے نوازنا ہے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں، محنت اور خدمات کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ جب قوم اپنے حقیقی معماروں اور محسنوں کو عزت و احترام دیتی ہے تو یہی اعتراف آنے والی نسلوں کے لیے تحریک، حوصلہ اور ملک کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ بنتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سول ایوارڈز کا عمل مکمل شفافیت، انصاف اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق جاری رکھا جائے گا تاکہ قومی خدمت انجام دینے والی ممتاز شخصیات کی خدمات کا بھرپور اعتراف کیا جا سکے۔









