لاہور پولیس نے جمعۃ المبارک کے پیش نظر شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیئے ۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جاری بیان میں کہا ہے
جمعۃ المبارک ،لاہور پولیس کے شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت
لاہور۔7اگست (اے پی پی):لاہور پولیس نے جمعۃ المبارک کے پیش نظر شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیئے ۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر ناکہ بندی میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ سنیپ چیکنگ کے دوران مشتبہ افراد، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ہائی سکیورٹی الرٹ برقرار رہے گا۔
بغیر کاغذات گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال اب تک ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد گاڑیوں اور 5 لاکھ 89 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کی جا چکی ہے۔ کارروائیوں کے دوران بغیر دستاویزات سفر کرنے پر 7 ہزار 148 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ 130 موٹر سائیکلوں کو ’’اپلائیڈ فار‘ نمبر پلیٹس استعمال کرنے جبکہ 349 موٹر سائیکلوں کو غیر نمونہ نمبر پلیٹس لگانے پر تحویل میں لیا گیا۔









