انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے گزشتہ دنوں ضلع ہنگو میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے شہید ڈی ایس پی دیار خان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا
آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی شہید ڈی ایس پی دیار خان کے گھر آمد، اہلخانہ سے ملاقات کی
پشاور۔ 07 اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے گزشتہ دنوں ضلع ہنگو میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے شہید ڈی ایس پی دیار خان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ سنٹرل پولیس آفس پشاور تر جمان کے مطابق انہوں نے شہید ڈی ایس پی کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور شہید کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر سینئر پولیس افسران بھی اُن کے ہمراہ موجود تھے۔آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے شہید ڈی ایس پی دیار خان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈی ایس پی دیار خان ایک نہایت بہادر اور نڈر پولیس افسر تھے جنہوں نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کو فرنٹ سے لیڈ کیا اوران کا مقابلہ کرتے ہوئے فرض کی راہ میں شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دے رہے ہیں اور شہداءکی یہ قربانیاں پوری قوم کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردوں کو ان کے ہر بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔آئی جی پی ذوالفقار حمید نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر اور ان کے خاندان ہمارے خاندان ہیں۔ انہوں نے شہید ڈی ایس پی دیار خان کے لواحقین کو یقین دلایا کی خیبر پختونخوا پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن فلاح و بہبود اور معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔









