فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی ہزارہ ڈویژن نے مضر صحت،زائد المیعاد اشیا خورد و نوش تلف کر دیں

فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی ہزارہ ڈویژن نے مختلف کارروائیوں کے دوران ضبط کی گئی مضر صحت اور زائد المعیاد اشیا خورد و نوش تلف کر دیں

ایبٹ آباد۔ 7 اگست (اے پی پی):فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی ہزارہ ڈویژن نے مختلف کارروائیوں کے دوران ضبط کی گئی مضر صحت اور زائد المعیاد اشیا خورد و نوش تلف کر دیں۔ فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی ہزارہ ڈویژن کے ریجنل ڈائریکٹر مبشر منظور اور ڈپٹی ڈائریکٹر (ہیڈ کوارٹر) رحمان گل کی موجودگی میں تلف کی جانے والی اشیا میں جعلی شہد، مختلف برانڈز کے نام پر بنائے گئے جعلی مشروبات، ممنوعہ چائنیز نمک، تلبینہ، بسکٹ، پیکنگ ریلز، پاپس اور دیگر غیر معیاری و زائد المعیاد فوڈ آئٹمز شامل تھے جو مختلف انسپکشنز اور کارروائیوں کے دوران ضبط کئے گئے تھے۔

اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی ہزارہ نے کہا کہ خوراک کے کاروبار سے وابستہ افراد فوڈ سیفٹی قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ بھر میں محفوظ، معیاری خوراک کی فراہمی کےلئے معائنہ اور نگرانی کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔ڈپٹی ڈائریکٹر (ہیڈکوارٹر)نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر معیاری، مضرِ صحت اور زائد المیعاد اشیا خوردونوش کی تیاری، ذخیرہ اور فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔