فیصل آباد میں جشن آزادی کے حوالے سے بازاروں، مارکیٹوں، شاہراہوں، تجارتی عمارات، گلی محلوں، سرکاری و نیم سرکاری عمارات کو سجانے کا عمل شروع کر دیا گیا
نئی نسل کو آزادی کی قدر و قیمت سے آشنا رکھنے کےلئے جشن آزادی کو ملی جوش و جذبے سے منانا ناگزیر ہے،ترجمان ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد
فیصل آباد۔ 07 اگست (اے پی پی):فیصل آباد میں جشن آزادی کے حوالے سے بازاروں، مارکیٹوں، شاہراہوں، تجارتی عمارات، گلی محلوں، سرکاری و نیم سرکاری عمارات کو سجانے کا عمل شروع کر دیا گیا ۔اس حوالے سے ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ نئی نسل کو آزادی کی قدر و قیمت سے آشنا رکھنے کےلئے یوم آزادی کو ملی جوش و جذبے سےمنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے وطن کی خدمت کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی بھلائی کےلئے بھی فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں اور وہ کسی بھی مشکل وقت میں امدادی سرگرمیوں میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں جو وطن اور ہم وطنوں سے ان کی گہری محبت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے پروگرامز میں شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے شہر میں آزادی کا دن منانے کا پر جوش ماحول نظر آنا چاہئے۔ دریں اثنا تاجر نمائندوں نے اے پی پی کو جشن آزادی کے پروگرامز سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چوک گھنٹہ گھرکے ۱ٓٹھوں بازاروں سمیت دیگر بازاروں اور مارکیٹوں، غلہ و سبزی منڈیوں اور دیگر کاروباری مراکز کو قومی پرچموں اور دیگر آرائشی اشیاسے سجایا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 14 اگست کو آزادی کے کیک کاٹنے کی تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی جبکہ سرکاری سطح پر ہونے والی تقریبات میں بھر پور شرکت کی جائے گی۔









