وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے بیلاروس کے سفیر آندرے میتیلیتسا نے ملاقات کی،جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات اور پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا
وفاقی وزیر تجارت سے بیلاروس کے سفیر کی ملاقات،تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے بیلاروس کے سفیر آندرے میتیلیتسا نے ملاقات کی،جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات اور پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ وزارت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر تجارت اور بیلاروس کے سفیر نے دوطرفہ روابط میں بڑھتی ہوئی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم اور بیلاروس کے صدر کے درمیان خوشگوار تعلقات نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان باہمی مفاہمت اور مسلسل روابط نے متعدد شعبوں میں عملی تعاون کے لیے نئی راہیں کھول دی ہیں۔بات چیت میں دوطرفہ لین دین کو آسان بنانے اور دونوں ممالک میں کاروباری اداروں کی معاونت کے لیے عملی مالی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ متعلقہ مالیاتی ادارے اور تکنیکی ماہرین محفوظ اور باہمی طور پر قابلِ قبول ادائیگی کے طریقہ کار بشمول مقامی کرنسی میں تصفیوں اور دیگر متبادل انتظامات پر مشاورت جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان زراعت، کھاد، انجینئرنگ مصنوعات، ٹریکٹرز، بھاری مشینری، توانائی کی مصنوعات اور غذائی اجناس کے شعبوں میں تعاون کے نمایاں مواقع موجود ہیں۔ بیلاروس کے سفیر نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ بیلاروس میں ملازمت کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ ہنر مند کارکنوں کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ فریقین نے پاکستانی کارکنوں کے لیے روزگار کے مواقع کو مزید وسعت دینے کے لیے شفاف بھرتی، مناسب مہارتوں کی مطابقت اور ادارہ جاتی سطح پر قریبی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر تجارت نے بیلاروس کی جدید انجینئرنگ اور صنعتی صلاحیتوں بالخصوص ٹریکٹرز، ٹرکوں اور زرعی مشینری کی پیداوار کو سراہا اور ان شعبوں میں تعاون کی بتدریج بحالی کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں بیلاروس کے وزیر کے آئندہ دورے اور مشترکہ وزارتی کمیشن کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین اس بات پر متفق ہوئے کہ آئندہ روابط سے عملی تعاون کو آگے بڑھانے، تجارت سے متعلق امور کو حل کرنے اور اقتصادی شراکت داری کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کے لیے بھرپور استفادہ کیا جائے۔








